کورونا کے بڑھتے کیسز، پاکستان کی بھارت کو باضابطہ مدد کی پیشکش
شیئر کریں
بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد پاکستان نے ہمسایہ ملک کو مدد کی باضابطہ پیشکش کر دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میںوزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر ہمسایہ ملک کو جذبہ خیر سگالی کے تحت مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمسایہ ملک کو وینٹی لیٹر، بی آئی پی اے پی، ڈیجیٹل ایکسرے مشین، پی پی ای اور دیگر متعلقہ اشیاء دینے کے لیے تیار ہیں۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم سب پہلے انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھاکہ پاکستان نے خیرسگالی کی بنیاد پربھارت کومدد کی پیش کش کی ہے۔ وہاں سے بڑی تشویش ناک خبریں سامنے آرہی تھیں، وزیراعظم کی اجازت کے بعد بھارت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پرمدد کی پیشکش کی گئی۔شاہ محمود کا کہنا تھاکہ دفترخارجہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو بلایا گیا، بھارتی ہائی کمشنرکو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کی پیشکش کی گئی اور ان کو کہا کہ اپنی حکومت سے پوچھ کرہماری پیشکش پرجواب دیں۔ان کا کہنا تھاکہ وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشین اور ماسک سمیت جوہوپایا وہ بھارت کوفراہم کریں گے، اگربھارت کامثبت جواب آیا توبراستہ واہگہ معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ لہر کے تناظر میں بھارتی عوام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کورونا لہر نے ہمارے خطے کو بری طرح سے متاثر کیا، پاکستانی عوام کی طرف سے بھارت کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا اس بات کی ایک بار پھر یاد دہانی کراتا ہے کہ انسانی ایشوز پر ردعمل سیاست سے ہٹ کر ہونا چاہئے، پاکستان اس وبائ سے نمٹنے کیلئے سارک ممالک سے تعاون کے لئے کام کرتا رہے گا۔وزیراعظم عمران خان نے بھارت سمیت دنیا بھر کے کورونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عوام کورونا وبا کی خطرناک لہر سے لڑ رہے ہیں، بھارت اور دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں، اس عالمی وبا سے نمٹنے کیلیے ہم سب کو مل کر جدو جہد کرنا ہوگی۔