کوئٹہ، حسان نیازی راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے
شیئر کریں
مقامی عدالت نے حسان نیازی کو راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا جس کے بعد پنجاب پولیس حسان نیازی کو لے کر لاہور روانہ ہوگئی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ حسان نیازی کی حوالگی کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ داخلہ بلوچستان کو مراسلہ لکھا تھا۔حسان نیازی کے وکیل اقبال شاہ ایڈوکیٹ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کل حسان نیازی کی ضمانت ہوگئی تھی مگر اسے کس قانون کے تحت جیل بھیجا گیا، ہم نے مچلکے پیش کر دیے تھے جیل کے گیٹ پر انتظار کرتے رہے مگر حسان کو رہا نہ کیا گیا۔وکیل نے کہا کہ جیل انتظامیہ گزشتہ روز حفاظتی ضمانت کا حکم نامہ لینے سے ٹال مٹول سے کام لے رہی تھی لیکن ڈیڑھ دو بجے بد نیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھری ایم پی او کے تحت قید میں رکھا گیا۔ جب ان کے پاس حسان کو قید میں رکھنے کا جواز نہیں رہا تو ڈی سی نے 3 ایم پی او کے تحت قید میں رکھنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔سید اقبال شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ پنجاب پولیس کی ٹیم صبح سے عدالت آکر بیٹھی ہوئی ہے اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ حسان نیازی کو گزشتہ روز کوئٹہ کے مقامی عدالت نے رہائی کے احکامات دیے تھے لیکن حسان نیازی کو گزشتہ روز کوئٹہ پولیس نے 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا تھا۔