مہنگی بجلی کی فروخت ، نیپرانے بحریہ ٹاؤن کراچی سے جواب طلب کرلیا
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) بحریہ ٹاؤن کراچی کو بڑے جرمانے کا خوف ستانے لگا ،نیپرا کی جانب سے مہنگی بجلی فروخت کرنے سے متعلق جواب طلبی پر انتظامیہ کی جانب سے رہائشی اور کمرشل صارفین کی بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ 4 روپے کمی کر دی گئی، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے افسران کی غیر حاضری کے باعث جواب جمع نہ ہو سکا، یوٹیلیٹی بلز کی قیمتوں میں من مانے اضافے پر رہائشیوں کا احتجاج رنگ لے آیا۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل بحریہ ٹاؤن کراچی کے رہائشیوں کی جانب سے انتظامیہ کے اسلام آباد اور لاہور کے مد مقابل بحریہ ٹاؤن کراچی میں مہنگی بجلی فروخت کرنے پر نیپرا میں درخواست دائر کی گئی تھی جس پر نیپرا کی جانب سے 20 مارچ کو بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ سے جواب بھی طلب کیا گیا تھا۔اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے نیپرا کی کارروائیوں سے بچنے کے لیے بجلی کی قیمتیں کم کر دی گئیں ہیں کمرشل صارفین سے رواں ماہ فروری کے بل کی مد میں 50.14 روپے فی یونٹ کے بجائے 46.87 روپے کی وصولی کی گئی ہے جبکہ رہائشی صارفین سے 35 روپے فی یونٹ کے بجائے 30.87 روپے کی وصولی کی گئی ہے نیپرا کی 20 مارچ کو ہونے والی سماعت مذکورہ معاملہ دیکھنے والے افسران کی چھٹی کے باعث التوا کا شکار ہو گئی ہے، آئندہ چند روز میں بحریہ ٹاؤن کراچی کو بجلی سستی کرنے پر ریلیف ملنے کا امکان ہے۔واضح رہے چار روپے فی یونٹ قیمتوں میں کمی کے بعد بھی بحریہ ٹاؤن کراچی میں رہائشیوں کو دی جانے والی بجلی اب بھی مہنگی تصور کی جا رہی ہے۔