سندھ حکومت ، پیپلز ہائوسنگ سیل فنڈکی سرمایہ کاری کمیٹیز قائم
شیئر کریں
(رپورٹ: علی کیریو)حکومت سندھ نے سرکاری ملازمین کے گروپ انشورنس، ایجوکیشن سٹی، پیپلز ہائوسنگ سیل سمیت 10اداروں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کیلئے کمیٹیز قائم کردی ہیں، کمیٹیز کے سربراہ چیف سیکریٹری ممتاز شاہ ہونگے، فنڈز خرچ کرنے کا اختیار سرمایہ کاری کمیٹی اور فنڈ ز جاری کرنے کا اختیار سیکریٹری خزانہ کو دیا گیا ہے۔ جرأت کو موصول دستاویز کے مطابق محکمہ خزانہ سندھ کی تجویز اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد سرمایہ کمیٹیز بنائی گئی ہیں، صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ فنڈکے ممبران میں ایم ڈی پی ڈی ایم اے، سیکریٹری خزانہ، چیف انویسٹمنٹ اسپیشلسٹ ممبران ہونگے۔ فنڈبینک میں جمع ہونگے، حکومت کی طرف سے جاری کی گئی سیکورٹی ڈپازٹ، نیشنل سیونگ اسکیم میں بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔نوٹیفکیشن کے تحت سرمایہ کاری کی منظوری کمیٹی دے گی، سیکریٹری خزانہ کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ فنڈ ز کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کریں گے یا کسی دوسری شعبے میں منتقل کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ فنڈز خرچ کرنے کا اختیار متعلقہ محکمہ کے سرمایہ کاری ڈپارٹمنٹ کو دیا گیا ہے اور سرمایہ کاری ڈپارٹمنٹ لکھت میں منظوری دے گا۔ اسی طرح سندھ سول سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن، انڈومنٹ فنڈ فار پی پی ایچ آئی، سندھ ایگریکلچیر سپلائیز آرگنائیزیشن (ساسو) پینشن فنڈ، سندھ الٹرنیٹو فنڈ، سرکاری ملازمین کے گروپ انشورنس فنڈ، سیپرا انویسٹمنٹ فنڈ، سندھ پروجیکٹ ڈیولپمنٹ فیسلٹی فنڈ، ایجوکیشن سٹی فنڈ، پیپلز ہائوسنگ سیل فنڈکی سرمایہ کاری کمیٹیز قائم کی گئی ہیں۔فنڈ ز کے آڈٹ کیلئے سرمایہ کاری کمیٹی چارٹرڈ اکائونٹس فرم کو ذمہ داری دے گی۔ متعلقہ بینک دستاویز، چیک اور اکائونٹ فارم پر سیکریٹری خزانہ ، اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ کے دستخط ہونگے۔