پاکستان جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے ، شاہ محمود قریشی
شیئر کریں
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قوم کوگھبرانے کی ضرورت نہیں ہے محافظ جاگ رہے ہیں، بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے ، پاک فوج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔
بھارتی فضائیہ کی دراندازی کی ناکام کوشش کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کوگھبرانے کی ضرورت نہیں ہے محافظ جاگ رہے ہیں، ناپاک حرکت پربھارت ہوش کے ناخن لے ، سب سے بڑی طاقت اللہ ہے ، یہی ہمارا ایمان ہے ، قوم کوگھبرانے کی ضرورت نہیں اوربھارت پاکستان کونہ للکارے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے اقدام کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی تصور کرتے ہیں، پاکستان اپنے دفاع میں مناسب جواب دینے کا حق رکھتاہے ۔ شاہ محمود نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور بھارت امن و امان کو تہہ و بالا کرنے پر تلا ہوا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے افواج کے ساتھ شانہ بشانہ تیار کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی، شہدا کی قربانیوں سے امن قائم ہوا جب کہ ہم امن پسند قوم ہیں، دہشت گردی کے نقصانات جانتے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی جب کہ پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی پربھارتی طیارے بھاگ نکلے ۔