نواز شریف کی طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست خارج
شیئر کریں
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں دی جانے والی سزا کے فیصلے کے خلاف دائر طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست کو خارج کر دیا ہے ۔
پیر کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست پر محفوظ مختصر فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد ہائی کور ٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں دی جانے والی سزا کے فیصلے کیخلاف دائر طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست کو خارج کر دیا۔
یاد رہے کہ 19 فروری 2019 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال سزا کی معطلی کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن کے بینچ نے وکیل دفاع خواجہ حارث اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ اسلام آبادہائیکورٹ نے 20 فروری کو نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی 7 سال قید کی سزا کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017 کو سنائے گئے پاناما کیس کے فیصلے کے نتیجے میں اْس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیا گیا اور عدالت عظمیٰ نے نیب کو شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا۔
8 ستمبر 2017 کو نیب نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز، فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور ایون فیلڈ ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے۔احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دیا تھا۔احتساب عدالت نے 24 ؍دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کیا۔