الیکشن کمیشن: کراچی کی 3 یو سیز میں جماعت اسلامی کی درخواست پر انتخابی نتائج روک دیے
شیئر کریں
کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں 3 یو سیز میں بے ضابطگیوں کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر نتائج روک دیے گئے۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن میں صفورا ٹاؤن کی 2 اور چنیسر ٹاؤن کی ایک یونین کونسل میں بے ضابطگیوں کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں وکیل حسن جاوید نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فارم 11 کے مطابق تینوں یو سیز میں جماعت اسلامی کامیاب ہوئی تھی۔ وکیل نے بتایا کہ آر او کے جاری نتائج میں مخالف امیدواروں کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔ آر او نے نتائج تبدیل کرکے 2 نشستیں پیپلز پارٹی اور ایک پی ٹی آئی کو دے دی۔ الیکشن کمیشن کے رکن پنجاب بابر بھروانہ نے کہا کہ کراچی کی 6 یو سیز کا کیس گزشتہ روز سنا تھا، بظاہر مقدمات ایک جیسے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے مقدمہ دیگر 6 یونین کونسلز والے کیس کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے صفورا ٹاؤن یو سی 1 اور 8، چنیسر ٹاؤن کی یو سی 6 کے نتائج روک دیے۔ الیکشن کمیشن نے کراچی کی مجموعی طور پر 9 یونین کونسلز میں نتائج تبدیلی کے کیس کی آئندہ سماعت 2 فروری تک ملتوی کر دی۔