میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امریکا بھارت کو خطے کا تھانیدار بنارہا ہے،چیئرمین سینیٹ

امریکا بھارت کو خطے کا تھانیدار بنارہا ہے،چیئرمین سینیٹ

منتظم
پیر, ۲۵ دسمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ/ ایجنسیاں)چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور اسے کسی دوسرے ملک سے نوٹس لینے کی ضرورت نہیںٗامریکا بھارت کو خطے کا تھانیدار بنا رہا ہے ٗ جب تک بھارت برابری کی بنیاد پر بات نہیں کرتا خطے میں امن نہیں ہوسکتا ٗوقت آگیا ہے ایشیاء اپنی قسمت کے فیصلے خود کرے ،ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کریگی ٗ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں دہشتگردی کے مسائل اور بین العلاقائی روابط کے عنوان سے پہلی 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستان، چین، روس، افغانستان، ایران اور ترکی کے اسپیکرز اسمبلی نے اپنے پارلیمانی وفود کے ہمراہ شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکا ٗاسرائیل اور بھارت کا نیا گٹھ جوڑ بن گیا ہے ٗ امریکا بھارت کو خطے کا تھانیدار بنا رہا ہے اور جب تک بھارت برابری کی بنیاد پر بات نہیں کرتا خطے میں امن نہیں ہوسکتا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکا افغانستان میں ناکامی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال رہا ہے، تاہم پاکستان اپنی سالمیت پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریگا ٗ ہمیں امریکی پالیسی میں افغانستان میں ان کی شکست نظر آئی ،جبکہ امریکا نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو فراموش کیا۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس، چین، شمالی کوریا، ایران اور دہشت گردوں کو چیلنج قرار دیا، وقت آگیا کہ ایشیا اپنی قسمت کے فیصلے خود کرے ،ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سپر پاورز کی خواہشات کے برعکس واقعات تنازعات بن جاتے ہیں جن کی خواہشات کی وجہ سے تنازعات جنم لیتے ہیں اور سپر پاورز ہتھیاروں کی فروخت سے کمائی کے لیے تنازعات کو ہوا دیتی ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ میں سپر پاورز توانائی کے وسائل پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہیں۔سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان ڈائیلاگ اور ہمسایہ ملکوں سے دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے، پاکستان نے افغانستان میں امن استحکام کے لیے غیرمشروط پرخلوص تعاون کیا۔چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے نے برصغیر کا امن داؤ پر لگا رکھا ہے، کشمیر کے عوام 7 دہائیوں سے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے جب کہ دنیا نے بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ قبول نہیں کیا اور جنرل اسمبلی میں امریکا کو اس حوالے سے جواب مل گیا ہے۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ امریکا اقتدار کی تبدیلی کی پالیسی کے ذریعے مسلم ممالک بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کو غیر مستحکم کر رہا ہے۔میاں رضا ربانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلے کو سنگین غلطیوں میں سب سے بڑی غلطی قرار دیا۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سامنے آنے والی امریکا کی نئی قومی سلامتی پالیسی کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ ایسا لگ رہا ہے کہ امریکا اسرائیل اور بھارت پر مشتمل ایک نیا گٹھ جوڑ ابھر کر سامنے آرہا ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ ہم یہ دیکھ رہے ہیں امریکا اس خطے میں بھارت کو چوکیدار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں