حکومت ڈرنے والی نہیں، جو ڈی چوک آیاگرفتار کریں گے، وزیر داخلہ
شیئر کریں
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، جو بھی ڈی چوک پر آئے گا اسے گرفتار کریں گے ، موبائل سروس چل رہی ہے ، صرف موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے ، فیض آباد میں بیلاروس کے وفد کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔اسلام آباد کی موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانا چاہتے ہیں، غیرملکی وفد کچھ دیر میں اسلام آباد پہنچنے والا ہے ، غیرملکی مہمانوں کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی ذہنیت دیکھیں، احتجاج کرنا ہے کریں، مگر آپ کو پتہ ہے کہ غیرملکی مہمان کس وقت آرہے ہیں اور آپ اسی وقت متعلقہ روٹ پر آکر پتھراؤ کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ موبائل سروس چل رہی ہے ، صرف موبائل کا انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے ، سڑکیں اس مرتبہ اس طرح بند نہیں کی گئیں جیسے پچھلی مرتبہ بند کی گئی تھیں۔محسن نقوی نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد پر انتشار کسی صورت قبول نہیں، حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، انتشارپھیلانے والوں کوگرفتار کیا جائے گا، انہوں نے دعویٰ کہ صرف خیبرپختونخوا سے احتجاجی جلوس آرہے ہیں، پنجاب میں کوئی ریلی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ احتجاج ختم ہوگا تو لوگوں کو بتائیں کہ ملک، معیشت، عوام اور کاروبار کا کتنا نقصان ہوا، تاکہ لوگوں کو حقائق کا ادراک ہو اور وہ اپنے فیصلے خود کر سکیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ شرانگیزی کوئی بھی پھیلا سکتا ہے ، ہمارے پاس دو آپشنز ہیں، ایک یہ کہ چند ہزاروں لوگوں کو آنے دیں اور انہیں شہر کو چند ہفتوں کے لیے مفلوج کرنے دیں اور ایک آپشن یہ ہے کہ ہم اسلام آباد کی حفاظت کرنی ہے ، اس طرح سے ڈرا، دھمکاکر کوئی چیز نہیں ہوسکتی، وہ کوشش کرکے دیکھ لیں انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔