اسٹیل ٹائون پولیس کے مبینہ تشدد سے ملزم جاں بحق
شیئر کریں
کراچی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ پیش آگیا، اسٹیل ٹائون پولیس کی زیر حراست ملزم مبینہ پولیس تشدد سے جاں بحق ہو گیا۔پوسٹ مارٹم میں تاخیر پر لواحقین نے جناح ہسپتا ل کے سامنے لاش کو سٹرک پر رکھ کر احتجاج کیا، ایم ایل او جناح ہسپتا ل کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ملزم کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود تھے جبکہ حتمی رپورٹ 15 دن بعد آئے گی۔ پولیس کے مبینہ تشدد کا شکار ملزم عبدالقادر جناح ہسپتا ل میں زیر علاج تھا ملزم کے جسم پر تشدد کے نشانات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔اطلاع ملنے پر متوفی کے لواحقین ہسپتا ل پہنچے پوسٹ مارٹم میں تاخیر پر لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا بعد ازاں پولیس سرجن قرار عباسی کی پوسٹ مارٹم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔ایم ایل او جناح ہسپتا ل عبدالغفار نے کہا کہ پوسٹ مارٹم ایم ایل او ایڈیشنل پولیس سرجن علاقہ مجسٹریٹ اور تفتیشی افسر کی موجودگی میں کیا گیا، پوسٹ مارٹم کے دوران ہلاک ملزم کے پورے جسم کا سٹی اسکین کیا گیا۔ایم ایل او کے مطابق ہلاک ملزم کے جسمانی اعضا کیمیکل ایگزامین کے لئے محفوظ کرلیے گئے جس کی رپورٹ 15 دن بعد آجائے گی،تبھی موت کی وجوہات سامنے آسکیں گی۔پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش کو تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کردیا گیا ۔