میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ایس کیو سی اے، پی سی ایس آئی آرکو کرپشن سے پاک کرنیکا فیصلہ

پی ایس کیو سی اے، پی سی ایس آئی آرکو کرپشن سے پاک کرنیکا فیصلہ

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۵ اکتوبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

وفاقی وزارت برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان اسٹینڈر اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA)اور پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ(PCSIR)کو’’ کرپشن سے پاک‘‘ کرنیکا فیصلہ کرلیا ،وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے دونوں ذیلی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کی فہرستیں تیار کر لی گئیں ،پی ایس کیو سی اے اور پی سی ایس آئی آر کے’’ انتظامی اور مالی امور‘‘ کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی اگلے ہفتے کراچی میں پڑاؤ ڈالیں گے ،وفاقی وزیر کے 29اکتوبر سے شروع ہونے والے کراچی کے ممکنہ دورے کی اطلاع ملتے ہی مذکورہ دونوں اداروں بالخصوص پی ایس کیو سی اے کے ہیڈ کوارٹر کراچی میں موجود کرپٹ افسران میں کھلبلی مچ گئی ،سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر کے کراچی کے مجوزہ دورے کے دوران مذکورہ اداروں میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کیے جانے کے امکانات تقویت اختیار کرگئے۔وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر اعظم خان سواتی 29اکتوبر کو کراچی کا دورہ کریں گے، جبکہ وہ کراچی میں یکم نومبر تک قیام کریں گے اپنے چار روزہ دورے کے دوران وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی ملک بھر کی تاجروں اور صنعت کاروں کی نمائندہ تنطیم فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(FPCCI)اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کے ہیڈ کوراٹرز کا دورہ بھی کریں گے اور تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کرکے ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات بروئے کار لائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی نے اپنی وزارت کا قلمدان سنبھالنے سے پہلے ہی وزیر اعظم عمران خان کو اپنی بریفنگ میں پاکستان اسٹینڈر اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی میں ہونے والی کرپشن کی نشاندہی کرچکے ہیں جس کی روشنی میں وفاقی وزارت برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان اسٹینڈر اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ساتھ ساتھ پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کو بھی کرپشن سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہی وجہ ہے کہ وفاقی وزیر اعظم خان سواتی اپنے کراچی کے دورے کے دوران پاکستان اسٹینڈر اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے انتظامی و مالی امور کا جائزہ لیں گے، جبکہ ان اداروں میں موجود کرپٹ افسران کے خلاف جاری تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے اقدامات بھی صادر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی پاکستان اسٹینڈر اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی میں تسلسل کے ساتھ ہونے والی کرپشن سے پہلے ہی آگہی رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے دورے کے دوران پی ایس کیو سی اے میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہونے کا قوی امکان ہے جن میں پی ایس کیو سی اے کے سیکریٹری غلام عمر قاضی اور دائریکٹر لائسنس ارشاد انصاری سمیت دیگر ایک درجن سے زائد افسران شامل ہیں جن کی مبینہ کرپشن کے خلاف ایف آئی اے میں تحقیقات چل رہیں ہیں ۔ذرائع کے مطابق پی ایس کیو سی اے کے لاہور اور راولپنڈی کے ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ پشاور اور ملتان ریجن کے دفاتر میں موجود کرپٹ مافیا کے خلاف بھی جلد کاروائی عمل میں آنے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی کے کراچی کے مجوزہ دورے کے تناظر میں پاکستان اسٹینڈر اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ میں موجود کرپٹ مافیا میں کھلبلی مچ گئی ہے جبکہ مذکورہ دونوں اداروں بالخصوص پی ایس کیو سی اے میں وفاقی وزیر کے مجوزہ تناظر کی روشنی میں جمعرات کے روز ہنگامی اجلاس بھی ہوئے ہیں جس میں وفاقی وزیر کو محکمہ جاتی بریفنگ دینے کے حوالے سے پوائنٹس کو حتمی شکل دی گئی جبکہ وفاقی وزیر اعظم خان سواتی کرپٹ افسران کی پہلے سے تیار کردہ فہرست اپنے ساتھ ہی لارہے ہیں جن کی بابت وہ متعلقہ اداروں کے سربراہان سے وضاحت طلب کریں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں