اسلام آباد پر کسی کوچڑھائی نہیں کرنے دیں گے وزیر داخلہ کا پی ٹی آئی کو واضح پیغام
شیئر کریں
عمران خان کی نہ مقبولیت ہے اور نہ کوئی بیانیہ ہے، جب یہ حکومت میں تھے تو مہنگائی تھی لیکن بیانیہ ہمارے خلاف تھا
اب ہم حکومت میں ہیں اور بے شک مہنگائی ہے لیکن وزیراعظم پرعزم ہیں کہ عوام کو ریلیف دے سکیں گے،رانا ثنا اللہ
لاہور(بیورورپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف تعیناتی پر عمران کا دباؤ تسلیم کیا گیا تو ادارے کی تباہی ہوگی۔پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نہ مقبولیت ہے اور نہ کوئی بیانیہ ہے، جب یہ حکومت میں تھے تو مہنگائی تھی لیکن بیانیہ ہمارے خلاف تھا، اب ہم حکومت میں ہیں اور بے شک مہنگائی ہے لیکن وزیراعظم پرعزم ہیں کہ عوام کو ریلیف دے سکیں گے۔رانا ثنا نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے غلط معاہدہ کیا اور پھر جاتے ہوئے قیمتیں کم کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کر گئے، اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوتا اور ہم اپنی سیاست بچانے کی کوشش کرتے تو ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہوتا۔رانا ثنا کا کہنا تھا کہ اب فرح گوگی، القادر ٹرسٹ اور دیگر چیزیں سامنے آ رہی ہیں، تم نے اپنے 4 سال میں کیا کیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ پاگل خان سمیت سب کا کردار قابل مذمت ہے، شوکت ترین کا کردار سب کے سامنے ہے، اس کا بطور پاکستانی کردار شرمناک ہے، عمران خان نے اس پر ایک لفظ تک نہیں کہا، یہ کہتا ہے کہ 25 مئی کو میری تیاری نہیں تھی تو اس سے پہلے ڈیڑھ ماہ تک 20 لاکھ لوگ لانے کا دعوی کیسے کرتے رہے، یہ اپنی تیاری چیک کر لے اور ہم بھی اپنی تیاری چیک کر لیتے ہیں۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ مسلح جتھے کی صورت میں آنے والا ذمہ دار ہوتا ہے، دفاع کرنے والا ذمہ دار نہیں ہوتا، اگر کوئی گروہ اسلام آباد پر چڑھائی کی بات کرے تو کیا ہم اس کے سامنے لیٹ جائیں، وہ مسلح جتھے کی صورت میں آئیں گے تو ہم انہیں روکیں گے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کردار ادا کرینگے، اس نے 25 مئی کو مسلح جتھے کی موجودگی کا خود اعتراف کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ احتجاج کے لئے آتا ہے تو ہم عدلیہ کی مختص کردہ جگہوں پر سہولت دینگے، لیکن ریاست پر چڑھ دوڑنے اور ریڈ زون میں داخلے کے لئے آیا تو ایسے گمراہ لوگوں کو موثر طریقے سے روکنے کی کوشش کی جائے گی۔