میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ صحت سندھ ملازمین کو انشورنس دینے والی کمپنی کو 25 کروڑاضافی ادائیگی

محکمہ صحت سندھ ملازمین کو انشورنس دینے والی کمپنی کو 25 کروڑاضافی ادائیگی

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۵ ستمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

ملازمین کو انشورنس دینے کے لیے یونائیٹڈ انشورنس کمپنی لمیٹڈسے معاہدہ کیاگیا تھا،کمپنی آڈٹ رپورٹ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی
محکمہ خزانہ سندھ نے محکمہ صحت کو 25 کروڑ کا چونا لگانے والی کمپنی سے آڈٹ رپورٹ طلب کرکے قانونی کارروائی کی وارننگ دے دی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ صحت سندھ نے ملازمین کو انشورنس دینے والی کمپنی کو 25 کروڑروپے اضافی ادائیگی کردی،انشورنس کمپنی آڈٹ رپورٹ فراہم کرنے میں بھی ناکام ہوگئی، محکمہ خزانہ سندھ نے محکمہ صحت کو 25 کروڑ کا چونا لگانے والی کمپنی سے آڈٹ رپورٹ طلب کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی وارننگ دے دی۔ جرات کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے ملازمین کو انشورنس فراہم کرنے کے لئے یونائیٹڈ انشورنس کمپنی لمیٹڈ پاکستان سے معاہدہ کیا، جس کے بعد انشورنس کمپنی نے 3 مارچ 2021سے 2 مارچ 2022 تک 4 ہزار 5 سو 16 ملازمین کو 27 کروڑ47لاکھ 48 ہزار روپے ادا کرنے تھے لیکن انشورنس کمپنی کو محکمہ صحت نے 53 کروڑ 6 لاکھ 67 ہزار روپے ادائیگی کردی ہے، محکمہ صحت سندھ کو 3 مارچ 2022 سے 2 جون 2022 تک 4 ہزار 4 سو 44 ملازمین کے لئے انشورنس کمپنی کو 7 کروڑ 5 لاکھ روپے پریمیم ادا کرنا تھا لیکن محکمہ صحت سندھ نے انشورنس کمپنی پر نوازش کرتے ہوئے 13 کروڑ 93 لاکھ روپے ادا کردیئے، جبکہ رواں برس 3 جون سے 2 ستمبر تک 4 ہزار 4 سو 44 ملازمین کے لئے محکمہ صحت سندھ کو انشورنس کمپنی کو 7 کروڑ 5 لاکھ روپے ادائیگی کرنی تھی لیکن اس مدت کے دوران انشورنس کمپنی کو کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔ محکمہ صحت نے یونائیٹڈ انشورنس کمپنی لمیٹڈ پاکستان کو 25 کروڑ 43 لاکھ 64 ہزار روپے اضافی ادائیگی کی، جس کے بعد محکمہ خزانہ سندھ نے انشورنس کمپنی کو آڈیٹر کی جانب کی گئی آڈٹ رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی لیکن انشورنس کمپنی نے تاحال آڈٹ رپورٹ فراہم نہیں کی، محکمہ خزانہ سندھ نے ایک بار پھر آڈٹ رپورٹ طلب کرتے ہوئے انشورنس کمپنی کو وارننگ دی ہے کہ آڈٹ رپورٹ فراہم نہ کرنے پر کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں