میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سینیٹ اجلاس، پی ٹی آئی،لیگی اراکین آپس میں الجھ پڑے

سینیٹ اجلاس، پی ٹی آئی،لیگی اراکین آپس میں الجھ پڑے

جرات ڈیسک
منگل, ۲۵ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے منصوبے اور صحت کارڈ کے معاملے پر ہنگامہ ہوگیا

علی پرویز ملک نے پابندیوں کو رکاوٹ قرار دیدیا، لیگی،پی ٹی آئی سینیٹرز میں نوک جھوک

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سینیٹ اجلاس میں صحت کارڈ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے سینیٹرز میں بھی نوک جھوک ہوئی۔ پی ٹی آئی سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے صحت کارڈ دیا تھا، جس کے ذریعے غریب افراد کا 15 لاکھ روپے تک کا مفت علاج ہوتا تھا۔ اس پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ناصر بٹ اور انوشہ رحمان نے اعتراض کیا۔ ناصر بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے وزیر صحت کو خود کرپشن کے الزام پر عہدے سے ہٹایا تھا۔ ناصر بٹ نے دعویٰ کیا کہ صحت کارڈ نواز شریف نے دیا تھا۔ اس پر سینیٹر ذیشان خانزادہ نے سوال کیا کہ آپ نے صحت کارڈ کیوں بند کیا؟ بحث کے دوران سینیٹ میں ماحول گرم ہوگیا، جس پر پرزائیڈنگ افسر نے سینیٹر ذیشان خانزادہ کا مائیک بند کردیا۔ دوسری جانب سینیٹ اجلاس میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے منصوبے پر توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان پر پابندیاں موجود ہونے کے باعث منصوبے پر عملی پیش رفت نہیں کی جاسکی، تاہم دونوں ممالک دوستانہ ماحول میں ایسا حل تلاش کررہے ہیں جو پاکستان کے مفاد میں ہو۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران نے اپنے علاقے پارس تک گیس فراہم کردی ہے، تاہم پابندیوں کی وجہ سے پاکستان کی جانب سے پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس معاملے پر پیرس میں ثالثی عدالت بھی گیا ہوا ہے، جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو دونوں ممالک کے لیے قابل قبول ہو۔ علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے معاملے پر ایک اسٹئرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اٹارنی جنرل اور وہ خود شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پائپ لائن کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی کا معاملہ بھی سر پر لٹکا ہوا ہے، اس پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں