دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ،دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند
شیئر کریں
پنجاب کے متعدد اضلاع میں سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک ہزاروں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ریسکیو کے ترجمان کے مطابق قصور،اوکاڑہ،پاکپتن،بہاولنگر،وہاڑی میں ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ترجمان کا سیلابی علاقوں میں ریسکیو کی 425 کشتیاں، 1660 اہلکار سروسز فراہم کررہے ہیں ،24گھنٹوں میں 8484 لوگوں کا انخلائ، 420 افراد کی ٹرانسپورٹیشن،341 جانوروں کو محفوظ مقام پہ منتقل کیا گیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے ،ہیڈ اسلام میں پانی کی آمد 136861اور اخراج 135761 کیوسک ہے ،سلیمانکی اور گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ،دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے ،دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ترجمان کے مطابق دریائے چناب ، راوی اور جہلم میں پانی کا بہا ئو معمول کے مطابق ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کے مطابق تمام دریائوں، براجز ،ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہاو کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے،شہری دریائوں ندی نالوں میں نہانے اور سیر و تفریح سے گریز کریں ۔