مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں،لوگ بجلی کے بل ادانہیں کرپارہے شاہ محمودقریشی
شیئر کریں
افراط زر کی شرح 42 فیصد کو چھو رہی ہے، شاہ محمود قریشی وفاقی حکومت کی ساری توجہ عمران خان کیخلاف دہشتگردی کے مقدمے درج کرنے پر مرکوز ہے
حکومت کوعوام کی مشکلات کاکوئی احساس نہیں ،تنخواہ دار طبقے ،ایپیکا سمیت مختلف تنظیموں اور متاثرین کو اس ہوش ربا مہنگائی کے خلاف مل کر آواز اٹھانا ہو گی
اسلام آباد (بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکوالی دی ہیں ،افراط زر کی شرح 42 فیصد کو چھو رہی ہے، لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کر پا رہے، وفاقی حکومت کی ساری توجہ عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے درج کرنے پر مرکوز ہے،تنخواہ دار طبقے ،ایپیکا سمیت مختلف تنظیموں اور متاثرین کو اس ہوش ربا مہنگائی کے خلاف مل کر آواز اٹھانا ہو گی ۔ اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس وقت مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، افراط زر کی شرح 42 فیصد کو چھو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کر پا رہے، دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئی لیکن ہماری وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت 6 روپے فی لیٹر مزید بڑھا دی۔ سابق وزیر نے کہاکہ 244 روپے فی لیٹر، قیمت پر ڈیزل خرید کر، زراعت کو جاری رکھنا ناممکن ہو چکا ہے، کسانوں میں سکت نہیں رہی کہ وہ ٹیوب ویل کے بلوں کی ادائیگی کر سکیں۔انہوںنے کہاکہ تنخواہ دار طبقے ،ایپیکا سمیت مختلف تنظیموں اور متاثرین کو اس ہوش ربا مہنگائی کے خلاف مل کر آواز اٹھانا ہو گی ،اس ضمن میں مختلف تنظیموں نے ہمارے ساتھ رابطہ بھی کیا ہے، ستم ظریفی یہ ہے کہ وفاقی حکومت کو عوام کی مشکلات کے ازالے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کی ساری توجہ عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے درج کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوںنے کہاکہ ظلم کی انتہا دیکھئے کہ کہ ان ایف آئی آرز کے اندراج کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان نے ان حضرات کو قانون کے دائرے میں لا کر کاروائی کرنے کا کیوں کہا۔ سابق وزیر نے کہاکہ ہمیں سوچنا ہو گا کہ کیا کوئی فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر ہے؟، اس وقت مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ تین نشستوں پر ضمنی انتخابات 11 ستمبر کو اور 9 نشستوں پر انتخابات 25 ستمبر کو ہونے جا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ میری تمام احباب سے گزارش ہو گی کہ بلے پر مہر لگا کر اس وفاقی حکومت کو ہوش ربا مہنگائی کے خلاف واضح پیغام دیں۔