بلدیاتی انتخابات کاالتواجماعت اسلامی کا دھرنے کا اعلان
شیئر کریں
الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت آپس میں ملے ہوئے ہیں،پیپلزپارٹی کو بھاگنے نہیں دیںگے ان کا تعاقب کریںگے،حافظ نعیم الرحمن
ڈھائی سال سے سازش ہورہی ہے ،نہ 27 اگست کو بارش ہے اور نہ ہی 28 کو پھر کیوں بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے؟پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شہر میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت آپس میں ملے ہوئے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں فوری الیکشن کروائے جائیں، کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شام 6 بجے شاہراہ قائدین پر زبردست احتجاجی دھرنا دیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، پیپلز پارٹی کو بھاگنے نہیں دیں گے ان کا تعاقب کریں گے اور عوام کا حق ضرور لیں گے، پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات میں فسطائیت کا شکار نظر آرہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے کہنے پر چلتا ہے، دونوں آپس میں ملے ہوئے ہیں، ڈھائی سال سے سازش کے تحت الیکشن ملتوی کیے جا رہے ہیں، نہ 27 اگست کو بارش ہے اور نہ ہی 28 کو ہے پھر کیوں بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے؟۔