بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی کراچی کے 200 فیڈر ٹرپ
شیئر کریں
شہر اندھیروں میں ڈوب گیا، شہری بھاری بھرکم بجلی بل ادا کر رہے ہیں منعم ظفر خان
7 اگست کو ملک گیر مرکزی شاہراہوں پر عوامی احتجاج کیا جائے گا، پریس کانفرنس
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی کراچی کے 200 فیڈر ٹرپ کر گئے اور پورا شہر اندھیروں میں ڈوب گیا۔ انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کراچی کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے کی گئی تھی، مگر نتائج اس کے برعکس نکلے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ملی بھگت سے کے الیکٹرک کو صرف 15 ارب روپے میں کھمبوں کی قیمت پر فروخت کیا، جبکہ حکومت نے کمپنی کے لیے 163 ارب روپے کی سبسڈی بھی رکھی، لیکن نہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا اور نہ ہی ترسیلی نظام بہتر بنایا گیا۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ شہری بھاری بھرکم بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں، مگر انہیں سستی اور بلا تعطل بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نیپرا اور عدالتوں میں عوام کے حق کی جنگ لڑ رہی ہے اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے آغاز کے ساتھ کراچی میں شہری سیلاب کا شدید خطرہ موجود ہے، مگر نالوں کی صفائی پورا سال کرنے کے بجائے بارش سے چند روز قبل شروع کی جاتی ہے، جو مجرمانہ غفلت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی کے لیے 53 کروڑ روپے مختص کیے گئے، مگر اس کے نتائج کہیں نظر نہیں آ رہے۔


