دھرنے کا راستہ روکاگیا تو حکومت گراؤ تحریک شروع ہو گی، حافظ نعیم
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے دھندے سے ہزاروں ارب روپے کھائے گئے، 25، 25 سال کے لئے کئے گئے معاہدوں کو نہیں مانتے۔انہوں نے کہا کہ لوگ بجلی کے بل دیکھ کر بلبلا اٹھتے ہیں، 26 جولائی کو حکومت نے اگر دھرنے کا راستہ روکا تو یہ دھرنا حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل ہو جائے گا، پھر کوئی بھی اس تحریک کو روک نہیں پائیگا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کراچی بار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی پی پیز کے معاہدے کو قبول نہیں کرتے، نئے سرے سے معاہدے ہونے چاہئیں۔ وقت آگیا ہے لوگ اب گھروں سے انصاف کیلئے نکلیں۔ یہ بجلی کے بل نہیں ایٹم بم ہیں، کسی صورت میں ظالمانہ ٹیرف قبول نہیں ہے۔ ریلیف کوئی نہیں دلوائے گا عوام کو خود نکلنا ہوگا۔ کے الیکٹرک کا ظلم اس شہر پر مسلط کیا گیا ہے، اس کیخلاف بھی نکلنا ہوگا۔