کسٹم افسران کی گرفتاری غیر موثر، سوئٹ سپاری کمپنیوں کو اسمگل چھالیہ کی سپلائی جاری
شیئر کریں
(رپورٹ: آصف سعود) ایف آئی اے کے ہاتھوں کسٹم افسران کی گرفتاری اور چھالیہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے انکشافات کے باوجود سوئٹ سپاری کمپنیوں کو اسمگل چھالیہ کی سپلائی جاری ہے، عمران نورانی کا نیٹ ورک اب بھی چھالیہ کی کھلے عام اسمگلنگ کررہا ہے کسٹم افسران اور ضلع کیماڑی پولیس چھالیہ اسمگلروں کی پشت پناہی کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں کھلے عام اسمگلنگ کی چھالیہ کو روکنے میں ادارے ناکام ہوگئے ہیں چھالیہ اسمگلروں کے منظم نیٹ ورک کو ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے 2 کسٹم افسران کی گرفتاری اور ان کے چھالیہ اسمگلنگ کے حوالے سے کئے جانے والے انکشافات سے کوئی فرق نہیں پڑا اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ سنی سوئٹ سپاری کا مالک عمران نورانی کا نیٹ ورک اس وقت بھی کھلے عام بلوچستان سے چھالیہ اسمگل کرکے کراچی لارہا ہے اور مذکورہ چھالیہ کراچی میں سوئٹ سپاری کمپنیوں کو سپلائی کی جارہی ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ عمران نورانی کا نیٹ ورک بلوچستان کے چھالیہ کے بڑے اسمگلروں عصمت اﷲ اور سبیط پٹھان سے اسمگلنگ کی چھالیہ کا دھندہ کرتا ہے عصمت اﷲ اور سبیط پٹھان کا پورے پاکستان میں چھالیہ کی اسمگلنگ کا دھندہ ہے کراچی میں سوئٹ سپاری کپنیوں نے عمران نورانی سے اسمگل چھالیہ خریدنے کا دھندہ اس لیے کیا تھا کیونکہ عمران نورانی نے کسٹم حکام اور ضلع کیماڑی پولیس کو اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا جو سوئٹ سپاری کمپنی عمران نورانی سے اسمگلنگ کی چھالیہ نہیں خریدتی تھی اس سوئٹ سپاری کپنی کے گوداموں پر عمران نورانی کسٹم حکام سے چھاپے پڑواتا تھا یا ان کی گاڑیاں ضلع کیماڑی پولیس پکڑ لیتی تھی ذریعے نے بتایا ہے کہ کراچی میں اس وقت بھی بمبئی چھالیہ، صنم سوئٹ سپاری، ٹیسٹی سوئٹ سپاری، رسیلی سوئٹ سپاری، میٹرو سوئٹ سپاری، نگینہ سوئٹ سپاری، تارا سوئٹ سپاری، سیون اپ سوئٹ سپاری، رتنا سوئٹ سپاری کو اسمگل شدہ چھالیہ کی سپلائی جاری ہے اور مذکورہ سوئٹ سپاری کمپنیاں کھلے عام اسمگل چھالیہ سے اپنی پروڈکٹ بناکر شہر بھر میں سیل کررہی ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ عمران نورانی کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ اسمگل شدہ چھالیہ کی بڑی کھیپ تارا سوئٹ سپاری، بمبئی سوئٹ سپاری اور رتنا سوئٹ سپاری کمپنی کو دیتا تھا جبکہ عمران نورانی کے تارا سوئٹ سپاریکمپنی کے مالک جاوید تارا اور اس کے بیٹے سلمان تارا سے بھی قریبی مراسم تھے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ گرفتار کسٹم اہلکاروں کے انکشافات کے بعد کسی بھی ادارے نے اسمگل شدہ چھالیہ سے سوئٹ سپاری بنانے والی کسی چھالیہ کی فیکٹری اور ان کے گوداموں پر چھاپہ نہیں مارا اور نہ ہی شہر میں کھلے عام بکنے والی اسمگل شدہ چھالیہ کی پروڈکٹس کی فروخت کو رکوایا معلوم ہوا ہے کہ گرفتار کسٹم حکام کے انکشافات کے بعد کسٹم میں نئے افسران نے دوبارہ چھالیہ اسمگلروں کو چھالیہ کی اسمگلنگ کی کھلی چھوٹ دے دی ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ کراچی میں جہاں کسٹم حکام چھالیہ اسمگلنگ میں ملوث ہیں اسی طرح ضلع کیماڑی پولیس چھالیہ اسمگلروں کی بڑی سرپرست ہے معلوم ہوا ہے کہ ایس ایس پی کیماڑی آفس اور ضلع کیماڑی میں آنے والے تھانے اسمگلروں کی اسمگلنگ سے ہی چل رہے ہیں شیرشاہ تھانہ، سائٹ اے تھانہ، سائٹ بی تھانہ، جیکسن تھانہ اور ڈاکس تھانے کی بھتہ کی بڑی آمدنی سے اسمگلروں سے ہے یہی وجہ ہے کہ جیکسن میں کھلے عام اسمگلنگ کا سامان فروخت کیا جاتا ہے۔