میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش،4 افراد جاں بحق

ملک کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش،4 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۵ جولائی ۲۰۱۹

شیئر کریں

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا ، راولپنڈی اور خالق آباد میں 4 جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بادل برس پڑے ، لاہور میں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار کیا اور گرمی کا زور توڑ دیا۔اس کے علاوہ راولپنڈی ،حافظ آباد ، ڈسکہ ، سیالکوٹ ، ظفروال ،ننکانہ صاحب میں بارش نے موسم سہانا کردیا ، آزاد کشمیر میں بھی شدید بارش کاسلسلہ جاری رہا ،مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ بالائی مقامات پر اکثر جگہوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ۔شدید بارش کے باعث خالق آباد کے مقام پر کرنٹ لگنے سے 2 بھائی جاں بحق ہوگئے ، راولپنڈی، اسلام آباد میں علی الصبح 3 بجے سے شروع ہونے والی بارش مسلسل جاری رہی ، جڑواں شہروں میں 140 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ایم ڈی واسا محمد تنویر نے افسران و عملے کے ہمراہ نشیبی علاقوں کا دورہ کیا۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے کام کی نگرانی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ نالہ لئی میں پانی کے بہا ئوکی نگرانی مسلسل نگرانی کی جا رہی ، نالے میں پانی کے بہا ئوکی سطح کٹاریاں کے مقام پر 9 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 8.5 فٹ ہے ۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے بڑھنے کے بعد پری الرٹ سائرن بجا دیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے ، پری مون سون کیلئے واسا عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل پلان تیار کر رکھا ہے ، پاک فوج، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر ادارے الرٹ کر دیے گئے ۔راولپنڈی کے ایک گھر میں بارش کا پانی بیسمنٹ (تہہ خانے ) میں بھرگیا جس میں ڈوب کر ماں بچہ جاں بحق ہو گئے ۔ 30 سالہ ماں اپنے ایک سالہ بیٹے کو بچاتے ہوئے پانی میں ڈوب گئی۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید گوالمنڈی نالہ لئی پل پہنچ گئے جہاں انہوں نے نالہ لئی میں پانی کی سطح کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا سمیت دیگر حکام نے شیخ رشید کو بارش سے متعلق بریفنگ دی۔ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ راولپنڈی اسلام آباد میں 150 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے ، یہ لئی اب پہلے والی نہیں رہی، حالات بدل چکے ہیں، نالہ لئی میں صفائی ہونے کی وجہ سے طغیانی کی صورتحال نہیں ، لئی ایکسپریس وے پر جلد کام شروع ہوجاے گا، لئی ایکسپریس وے منصوبے پر پنجاب میں کچھ رکاوٹیں ہیں ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کیلئے وضع کردہ ایس او پیزپر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ، واسا حکام اور متعلقہ اداروں کے افسران نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ نکاسی آب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی افسران خود کریں۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب،خیبرپختونخوا،بلوچستان اور کشمیر میں طوفانی بارشوں جبکہ دریائوں اور برساتی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشہ کا اظہار کیا ہے جبکہ دریائے چناب میں اورنچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے ۔دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردارسرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کے انتہائی کم دبا ئوکے تحت27 جولائی کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارشوں کا امکان ہے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں سے ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے ۔ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی۔، فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ چناب، سندھ اور دریا کابل بھی بپھر سکتا ہے ، دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر سیلاب کا خطرہ ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں