آئل ٹینکرز کی ہڑتال، کراچی سے ملک بھر کو تیل کی سپلائی روک دی گئی
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے اعلان کے بعد کیماڑی اور پورٹ قاسم سے ملک بھر کے لیے تیل کی ترسیل تقریبا معطل ہوگئی ہے، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما بابر اسماعیل کا کہنا ہے کہ کیماڑی سے ملک بھر کے لیے 600ٹینکرز کی روانگی رک گئی ہے اور پورٹ قاسم سے تقریباً 300ٹینکرز کی نقل وحمل معطل ہوچکی ہے۔ آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے چیر مین میر یوسف شاہوانی نے سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری کٹوتی اوگرا سمیت حکومتی اداروں کے سخت رویے اور موٹروے پولیس کی جانب سے ناجائز جرمانے اور چالان کے خلاف ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوں گے، پورے ملک میں تیل کی سپلائی بند رکھیں گے ٹرانسپورٹروں کا استحصال ہو رہا ہے۔پیر کو آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے چیئر مین میر یوسف شاہوانی نے سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری کٹوتی اوگرا سمیت حکومتی اداروں کے سخت رویے اور موٹروے پولیس کی جانب سے ناجائز جرمانے اور چالان کے خلاف آج سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوں گے پورے ملک میں تیل کی سپلائی بند رکھیں گے۔ جبکہ ہڑتال سے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے دو دھڑوں نے لاتعلقی کااعلان کیا ہے۔چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپوں پر تیل کا ذخیرہ موجود ہے، عوام خوفزدہ نہ ہوں ۔دوسری جانب اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے زیراستعمال آئل ٹینکرز کی چیکنگ کا عمل شروع کردیاہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے اثرات 10فیصد سے زیادہ نہیں پڑیں گے، کیونکہ آئل ٹینکرز مالکان کے 3گروپس میں سے صرف ایک گروپ نے ہڑتال کی ہے، آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے اور تیل کی سپلائی جاری رکھنے کا عہد کیا ہے دوسری جانب سانحہ احمد پور شرقیہ میں 200سے زائد افراد کی جانیں ضائع ہونے کے بعد اوگرا کو ہوش آگیا اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ٹھان لی ہے۔