ادارہ ترقیات حیدرآباد،غیرقانونی ہائوسنگ اسکیموں کیخلاف گرینڈ آپریشن
شیئر کریں
رپورٹ: حیدرآباد میں غیرقانونی ہائوسنگ اسکیمیں، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآباد کے احکامات پر گرینڈ آپریشن کا آغاز، تحصیل سٹی، دیہی لطیف آباد اور قاسم میں 72 غیرقانونی اسکیموں کا انکشاف، ویب سائٹ تشکیل دے رہے ہیں جس میں منظور شدہ اور غیرقانونی اسکیموں کی تفصیلات رکھیں گے، فواد غفار سومرو، تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات حیدرآباد نے حیدرآباد میں غیرقانونی ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا ہے، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات فواد غفار سومرو کے سخت احکامات پر غیرقانونی ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف بھرپور کارروائی کی تیاری شروع کردی گئی ہے، ادارہ ترقیات کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق غیرقانونی اور ناد دہندہ ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف مختلف تحصیلوں میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ گرینڈ آپریشن اور ٹیموں کی سربراہی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈوولپمنٹ کرینگے، اعلامیہ کے مطابق شہر میں نام نہاد بلڈرز کی جانب سے غیر قانونی اسکیموں کے نام پر عوام الناس سے لوٹ مار کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے واقعات کا سختی سے نو ٹس لیتے ہوئے ادارہ ترقیات نے جعلساز بلڈرز اور ان کی غیر قانونی اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔اس مقصد کیلئے تحصیل سٹی ،لطیف آباد ،قاسم آباد اور تحصیل حیدرآباد دیہی میں کارروائی کی غرض سے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، اعلامیہ کے مطابق حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں 72 غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے اسپانسرز/ بلڈرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں خوبصورت دفاتر قائم کر کے پلاٹوں کی بکنگ اور خرید و فروخت کاکام جاری کیا ہوا ہے اور اس مذموم مقصد کے لئے وسیع پیمانے پر اسکیموں کی تشہیر بھی کی جا رہی ہے جو کہ غیر قانونی عمل ہے اعلامیہ میں عوام الناس کو ان کے اپنے مفاد میں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ اسکیموں سرمایہ کاری سے گریز کریں، دوسری جانب رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآباد فواد غفار سومرو نے روزنامہ جرات کو بتایا کہ عوام کو جعلی و غیرقانونی اسکیموں میں سرمایہ کاری سے روکنے کیلئے ویب سائٹ تشکیل دے رہے ہیں جس میں منظور شدہ اور غیرقانونی اسکیموں کی تفصیلات ظاھر کی جائیں گی تاکہ عوام سرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکیموں کے متعلق معلومات حاصل کرے۔