میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
افغان کراسنگ پوائنٹس کھولنے سے دہشت گردی بڑھ جاتی ہے‘ چودھری نثار

افغان کراسنگ پوائنٹس کھولنے سے دہشت گردی بڑھ جاتی ہے‘ چودھری نثار

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۵ جون ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عید سے دو روز قبل دہشت گرد کارروائیوں کا مقصد سیکیورٹی کے حوالے سے بے یقینی کی کیفیت پیدا کرنا اور افراتفری پھیلا نا ہے مگر ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے نہ تو قوم کا حوصلہ اور عزم متاثر ہو سکتا ہے اور نہ ہی دہشت گردوں کے خلاف ہماری کاوشوں میں کسی طور کم ہوں گی۔ ریاست پاکستان کی جانب سے ایسی مذموم کاروائیوں کا جواب پر عزم طریقے اور مکمل طاقت سے دیا جائے گا،افغانستان میں ہونیوالے کسی بھی واقعے کو بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان سے جوڑا جانا تشویشناک ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے یہ بات پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر ، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید اور آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہی جس میںانہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ، پارا چنار اور کراچی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات سے متعلق اب تک سامنے آنے والے شواہد کی تفصیلات حاصل کیں ۔وزیر داخلہ کا جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا سی جی ایس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ افغانستان سے مشترکہ سرحد پر قانونی طور پر آمدورفت کیلئے متعین کردہ کراسنگ پوائنٹس کو جب بھی کھولا جاتا ہے پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ان کراسنگ پوائنٹ کی مانیٹرنگ کو مزید موثر بناتے ہوئے ان کے ذریعے آمدورفت کرنے والوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ افغانستان میں ہونیوالے کسی بھی واقعے کو بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان سے جوڑ دیا جاتا ہے لیکن سرحد کے راستے پاکستان آنے والی دہشت گردی اور پاکستان میں وقوع پذیر ہونے والے دہشت گردی کے بدترین واقعات میں غیر ملک زاویئے کا مغربی دارالخلافوں میں کبھی نوٹس تک نہیں لیا جاتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی سرحدوں کی موثر نگرانی اور حفاظت کے عمل کو مزید بہتر کریں تاکہ دہشت گردی کا راستہ روکا جاسکے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں