احمد فرہاد بازیابی کیس ، آئی ایس آئی، ایم آئی کے سیکٹر کمانڈر ، ڈائریکٹر آئی بی طلب
شیئر کریں
مغوی شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم نامہ جاری کیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 8صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ اردو میں جاری کیا گیا، جس میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈر اور ڈائریکٹر آئی بی کو طلب کرلیا گیا۔ تحریری حکمنامے میں عدالت نے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری دفاع کو بھی طلب کرلیا، وزیر قانون اور سیکریٹری قانون کو بطور عدالتی معاون طلب کیا گیا۔حکمنامے کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نے عدالت کو تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کیا، پولیس حکام نے بتایا کہ مغوی کی لوکیشن ٹریس کرلی گئی ہے ، وہ جلد ہی متعلقہ جگہ اور لوگوں تک پہنچ جائے گی، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او نے بتایا کہ سیکٹر کمانڈر کا بیان قلم بند نہیں کیا۔عدالتی حکمنامہ میں کہا گیا کہ پولیس کے مطابق وزارت دفاع سے حاصل تحریری جواب شامل مسل کیا گیا، تفتیشی افسر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سیکٹر کمانڈر کا 161کا بیان قلم بند کرے ۔تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ عدالت زیر بحث مقدمے کی کارروائی کو رپورٹ کرنے کی اجازت دیتی ہے ، عدالت لاپتہ افراد کے تمام کیسز کی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے نشر کرنے کا حکم دیتی ہے۔حکمنامے میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آئی ایس آئی براہ راست وزیراعظم کو جوابدہ ہے ، اٹارنی جنرل نے بتایا ایم آئی سیکریٹری ڈیفنس اور افواج پاکستان سے منسلک ہے ، عدالت ضروری سمجھتی ہے کہ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے ۔عدالتی کارروائی کے دوران صحافی حامد میر نے پیمرا نوٹیفکیشن کے بارے میں بتایا، حامد میر نے بتایا پیمرا نے الیکٹرانک میڈیا کو کورٹ پروسیڈنگ رپورٹنگ سے روک دیا ہے ، اٹارنی جنرل نے کہا پیمرا نوٹیفکیشن کی روشنی میں عدالت جس کیس میں مناسب سمجھے اس کا حکم دے سکتی ہے ، یہ اہم نوعیت کا مقدمہ ہے ،عدالت کارروائی رپورٹ کرنے کی اجازت دیتی ہے ، پیمرا کا نوٹیفکیشن عدالت کے سامنے زیر سماعت نہیں اس لیے کوئی حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔عدالتی حکمنامے میں کہا گیا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اس وقت مفاد عامہ کا سب سے اہم مسئلہ ہے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار ذمہ دار بنانے پر پارلیمنٹ سے قانون سازی نہیں ہو سکی، لاپتہ افراد کمیشن سے بھی خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں ہوسکا، تمام مسائل کا حل ایجنسیز کے اندرونی معاملات کو سمجھنے کے بعد ہی کیا جا سکتا ہے ، عدالتی معاونت کیلئے اٹارنی جنرل اور وکیل ایمان مزاری ماہرین نامزد کریں، لاپتہ افراد کا مسئلہ فرد واحد کا مسئلہ نہیں، نہ ہی موجودہ مغوی کی بازیابی کے بعد ختم ہوجائے گا، عدالت نے تحریری حکم نامے میں لاپتہ افراد کے مسئلے پر 12 سوالوں کے جواب مانگ لیے ۔