یوم تکریم شہدائے پاکستان، آرمی چیف کی یادگار شہدا پر حاضری
شیئر کریں
یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی ہیں۔ تقریب میں مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہیں جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی تقریب میں شامل رہیں۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔