سندھ ہائی کورٹ نے سندھ ریونیو بورڈ کو ٹیکس وصولی سے روک دیا
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے سروسز ٹیکس کی وصولی کے معاملہ پر سندھ ریونیو بورڈ کو ٹیکس وصولی سے روک دیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے دورکنی بینچ نے سروسز ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے وفاق اور سندھ کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کے معاملہ پر ایک نیوکلیئر پلانٹ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ نیو کلیئر پلانٹ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سندھ بور ڈ آف ریونیو نے انہیں ٹیکس وصولی کے لیے نوٹس بھیجا ہے جس پر وفاق کی جانب سے عدالت میں مئوقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 165میں صوبوں کو وفاقی آمدن پر سروسز ٹیکس کی وصولی کی اجازت نہیں ہے ۔سندھ حکومت نے کراچی کے دو نیو کلیئر پاور پلانٹس پر سروسز ٹیکس عائد کیا تھا جس کے خلاف کینپ نے سندھ ریونیو بورڈ کے نوٹس کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے سندھ ریونیو بورڈ کو ٹیکس وصولی سے روک دیا ہے اور آئندہ سماعت پر سندھ ریونیو بورڈ سے جواب طلب کر لیا ہے ۔