پیٹرول ،بجلی مہنگی،شہبازسرکارآئی ایم ایف کے سامنے لاچار
شیئر کریں
بین الاقوامی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے قرض پروگرام کو ایک سال کی توسیع پر رضامندی ظاہرکردی۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات پر بات چیت جاری ہے، پاکستان آئی ایم ایف سے تکنیکی سطح پر بات چیت آئندہ ہفتے شروع کریگا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیاکہ پاکستان اپنی حالیہ دی گئی سبسڈیز جلد سے جلد واپس لے اور دسمبر میں طے پائے ٹارگٹ میں تبدیلی کے اعداد کا جائزہ لیا جائے ،پاکستان بجلی اورپیٹرول کے نرخ میں مرحلہ واراضافہ کرے گا، آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان دسمبر میں طے شدہ ٹارگٹ سیکم سیکم انحراف کرے، اس کیساتھ آئی ایم ایف بجٹ کیلئے مجموعی حکمت عملی پر اتفاق چاہتا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا توسیع شدہ پروگرام ستمبر میں ختم ہو رہا ہے، آئی ایم ایف اسٹاف سطح پر مذاکرات مکمل کرنے کیلئے وسط مئی میں مشن پاکستان بھیجے گا، پاکستان نے آئی ایم ایف کا توسیع شدہ پروگرام ایک سال بڑھانے کی درخواست کی ہے اور آئی ایم ایف پروگرام کو ایک سال کے لیے توسیع دینے پر رضامند ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اتفاق ہوا ہیکہ سابقہ حکومت کی فیول، تیل اور بجلی پر سبسڈی واپس لی جائے گی، مشن آنے سے پہلے تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا، ساتویں ریویوپراتفاق ہونے کے بعد آئی ایم ایف بورڈ کو بھجوایا جائے گا، جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کواگلی قسط کی منظوری دے گا۔خیال رہے کہ پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کی سالانہ میٹنگ واشنگٹن میں ہو رہی ہے جس میں وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔