کراچی سمیت سندھ بھر میں 84کالعدم تنظیموں کی کڑی نگرانی شروع
شیئر کریں
(نمائندہ خصوصی) رمضان المبارک کی آ مد کے ساتھ ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 84 کالعدم تنظیموں کی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی۔ اجازت نامہ حاصل کیے بغیر زکوۃ اور عطیات وصول کرنے والی سیاسی و سماجی تنظیموں کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت روکنے کے لیے پشتون تحفظ موؤمنٹ،متحدہ لندن،فلاح انسانیت فاؤنڈیشن،القاعدہ،تحریک اسلامی،بلوچ لبریشن آرمی،جماعت الفرقان،لشکر طیبہ، بلوچستان لبریشن یونائٹڈ فرنٹ،تحریک طالبان،لشکر جھنگوی،اسلام مجاہدین،اسلامک جہاد یونین،اسلامک اسٹوڈنٹس موؤمنٹ پاکستان، الحرمین فاؤنڈیشن،رابطہ ٹرسٹ،جیش اسلام،تحریک نفاذ امن،بلوچستان ریپبلکن آرمی،معمار ٹرسٹ،الاختر ٹرسٹ،جیے سندھ متحدہ محاذ سمیت دیگر تنظیموں کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت مذکورہ تنظیمیں رواں سال جبری طور پر شہریوں سے فنڈز وصول نہیں کر سکیں گی ۔اس کے ساتھ ساتھ سندھ سوشل ویلفیئر کی جانب سے جعلی این جی اوز کے گرد بھی گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے خلاف آئندہ آنے والے ہفتے سے کریک ڈاؤن کا باقاعدہ طور پر آغاز کیا جائے گا جس میں مشکوک این جی اوز سے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت زکوۃ اور عطیات جمع کرنے کا اجازت نامہ باقاعدہ طور پر طلب کیا جا ئے گا۔ بعد ازاں درست جواب فراہم نہ کرنے پر ان کی رجسٹریشن منسوخی کے ساتھ ساتھ سخت سے سخت قانونی کارروائیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔