پی ڈی ایم کے ججوں پرحملے،مقصد الیکشن سے فرارہے، عمران خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور مریم نواز کے سپریم کورٹ کے ججز پر حملے شرمناک ہیں،ان حملوں کا واحد مقصد انتخابات سے فرار ہے ،پاکستان میں جنگل کے قانون کی حکمرانی کویقینی بنایاجارہا ہے ۔انہوں نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم اور مریم نواز کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز پرشرمناک حملے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے جارہے ہیں۔ان حملوں کا واحد مقصد انتخابات سے فرار ہے چاہے اس کے لیے آئین کی خلاف ورزی ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ پی ڈی ایم کے سپریم کورٹ کو نشانہ بنانے سے وفاق کو نقصان پہنچے گا۔ یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ ہوجائے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے رہنمائوں نے ہمیں چیلنج کیا تھا کہ اگر الیکشن چاہتے ہو تو کے پی اور پنجاب اسمبلیاں توڑ کر دکھا۔ ان کو یہ پتہ ہے کہ یہ الیکشن جیت نہیں سکتے اس لیے سپریم کورٹ کے ججز کو بدنام کررہے ہیں اور آئین کی خلاف ورزی پر تیار ہیں تاکہ الیکشن نہ کرائے جا سکیں۔عمران خان نے گوانتاناموبے سے 2پاکستانی بھائیوں کی رہائی سے متعلق بیان میں کہا کہ اچھی خبر ہے کہ احمدربانی اور انکے بھائی گوانتا ناموبے میں 20 برس کی قید کاٹنے کے بعد گھر واپس لوٹ رہے ہیں۔ میں نے انکی امریکہ کو حوالگی،انہیں غلط طور پر قید کئے جانے اور انکی رہائی کے لئے بطور وزیراعظم بھی آواز اٹھائی۔ان جیسے بہت سے افراد دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ کی سنگین ناانصافیوں کانشانہ بنے۔