جھوٹی خبریں پھیلانے سے اقتصادی مفادات کونقصان پہنچ رہاہے، وزیرخزانہ
شیئر کریں
وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے جھوٹی خبریں دینے اورانہیں پھیلانے سے قوم کے اقتصادی مفادات کونقصان پہنچ رہاہے۔ ہفتہ کووزیرخزانہ نے تنخواہوں اورپنشن کی ادائیگی سے متعلق جھوٹی اوربے بنیادخبرکے حوالہ سے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ فیک نیوزدینا اورانہیں پھیلانا قومی معاشی مفادات کیلئے ضرررساں ہے۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ وزارت سے تصدیق کئے بغیراس طرح کی رپورٹس اورخبریں دینے سے گریز کرنا چاہئے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزارت خزانہ نے تنخواہوں اورپنشن کی ادائیگی روکنے سے متعلق افواہوں کوغلط اوربے بنیادقراردیتے ہوئے کہاتھا کہ وزارت نے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کی ہیں۔ وزارت خزانہ کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں بتایا کہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ حکومت نے تنخواہوں اور پنشن وغیرہ کی ادائیگی روکنے کی ہدایت کی ہے جوسراسر غلط اوربے بنیادہے ۔ ترجمان نے کہاکہ وزارت خزانہ ، جو کہ متعلقہ وفاقی وزارت ہے، نے ایسی کوئی ہدایات نہیں دی ہیں۔ترجمان نے کہاکہ اے جی پی آر نے بھی تصدیق کی ہے کہ تنخواہوں اور پنشن پر کارروائی ہو چکی ہے اور وقت پر ادا کر دی جائے گی ، دیگر ادائیگیوں پر معمول کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔