میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تحریک عدم اعتماد‘ آصف زرداری نے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی

تحریک عدم اعتماد‘ آصف زرداری نے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۵ فروری ۲۰۲۲

شیئر کریں

امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی اور آئینی بحران میں دھکیل دیا ہے اور پی ٹی آئی کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے22کروڑ عوام کی زندگیاں اجیرن ہو گئی ہیں۔ حالات ایسے ہی رہے تو ملک مزید تنزلی اور تباہی کی طرف جائے گا۔ مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ عوام اس سیٹ اپ سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ حکومت نے پونے چار برسوں میں اداروںکو تباہ کیا اور جھوٹے وعدوں سے قوم کو دھوکا دیا۔ حکومت نے پارلیمنٹ کو بالائے تاک رکھتے ہوئے غیر جمہوری اور غیر آئینی طریقوں سے ایسے قوانین پاس کروائے جس کی وجہ سے ملک کی خودمختاری، سالمیت، قانون کی بالادستی اور آزادیٔ اظہار رائے شدید متاثر ہوئے۔ حکومت نے بحرانوں کو کم کرنے اور سنجیدگی اپنانے کی بجائے تمام کوششیں اپوزیشن کو ہدف بنانے پر صرف کیں۔ بلدیاتی اور جنرل الیکشن شفاف ہونے چاہییں۔ ملک جمہوری اقدار کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ برسہابرس گزر جانے کے باوجود ملک میں جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکی۔دونوں رہنمائوں کی منصورہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورت حال، اپوزیشن کی جانب سے تجویز کی گئی تحریک عدم اعتماد اور علاقائی صورت حال پر تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ تبادلہ خیال ہوا۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سابق صدر آصف علی زرداری کو منصورہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان سیاسی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میںنائب امرا لیاقت بلوچ، پروفیسر محمد ابراہیم، ڈاکٹر فرید پراچہ، میاں اسلم، راشد نسیم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر موجود تھے۔ سابق صدر آصف زرداری کی قیادت میں منصورہ آنے والے وفد میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، رخسانہ بنگش و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بہنوئی اور سابق وزیرداخلہ رحمن ملک کی وفات پر دعائے مغفرت کی گئی۔ جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کی ملاقات کے بعد لیاقت بلوچ اور راجہ پرویز اشرف نے میڈیا کو بریفنگ دی۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔لیاقت بلوچ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنمائوں کو منصورہ آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے تحریک عدم اعتماد پر جماعت اسلامی کی حمایت طلب کی ہے۔ تاہم جماعت اسلامی اس پر مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں