یکم مارچ سے دودھ کی فی لیٹر قیمت 170 روپے ہونے کا خدشہ
شیئر کریں
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن (ڈی سی ایف اے)صدر شاکر عمر گجر نے فارم گیٹ پر دودھ کی قیمتوں کا تخمینہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں 30 روپیہ فی لیٹر اضافہ ہوگا جبکہ دوسرا اضافہ وقت اور حالات کے مطابق رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا، نئی قیمت یکم مارچ سے نافذ العمل ہوگی جوکہ 170 روپیہ فی لیٹر ہوگی۔ڈی سی ایف اے کے صدر کے مطابق فارم گیٹ پر دودھ کی فی لیٹر پیداواری لاگت 177.70 روپیہ اور 17.77 روپیہ نفع کے ساتھ 195 روپیہ فی لیٹر ہے ۔انہوں نے کہا کہ فی لیٹر کرایہ، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کا نفع شامل کرکے 220 روپیہ فی لیٹر ہوگا جبکہ دودھ کی نئی قیمتوں کا اعلان 25 فروری کو دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔صدر ڈی سی ایف اے نے خدشہ ظاہر کیا کہ قیمتوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا اس سال کے آخر تک قیمت 225 روپیہ فی لیٹر تک جاسکتی ہے۔ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ منسٹری آف کامرس اگر ضروری اجناس کی ایکسپورٹ پر پابندی اور ان پٹس پر سے 17 فیصد سیلز ٹیکس واپس لے تو یہ اضافہ بڑی حد تک کم ہوسکتا ہے۔