سانحہ ماڈل ٹائون ،جے آئی ٹی نے شہباز شریف، حمزہ شہباز ،چوہدری نثار علی کو طلب کرلیا
شیئر کریں
سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات کے لیے قائم نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کی متعدد اہم سیاسی شخصیات اور اعلی پولیس حکام کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے صدر وسابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی اور دیگر کواپنے بیانات قلمبند کرانے کے لیے آج(پیر)25 فروری کو ساڑھے 10بجے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ۔
جے آئی ٹی کی جانب سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن میں ایس پی مجاہد فورسز لاہور عبدالرحیم شیرازی، ایس پی آپریشن ماڈل ٹائون طارق عزیز، ایس پی انویسٹی گیشن محمد ندیم سمیت دیگر کو اپنے بیانات قلمبند کرنے کے لیے26 فروری کو ساڑھے 10بجے طلب کیا گیا ہے ۔4
جنوری کو سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے نئی جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس کے سربراہ آئی جی موٹرویز اے ڈی خواجہ ہیں۔نئی جے آئی ٹی کی جانب سے جاری طلبی نوٹیفکیشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دیگر رہنمائوں میں سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، سابق وزیر اطلاعات پرویزرشید، سابق وزیر پانی و توانائی عابد شیر علی، سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ، سابق پرسنل سیکرٹری برائے وزیراعلی پنجاب امداد اللہ، سابق ڈپٹی سیکرٹری قانون حاجی محمد نواز گوندل سمیت اس وقت کے اے ڈی سی ریونیو عرفان نواز کو اپنے اپنے بیانات قلمبند کرانے کی ہدایت کی گئی۔
سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق دیگر اعلی پولیس حکام میں ایس پی لاہور معروف مسعود صفدر، ایس پی آپریشن اقبال ٹائون فرخ رضا، ایس ایچ او انسپکٹر محمد یونس، گلشن رضوی انسپکٹر محمد حسین اور ایلیٹ فورس کے ایس آئی رئوف احمد کو بھی اپنے بیانات قلمبند کرانے کے لیے طلب کیا گیا۔