کراچی ٹھنڈی ٹھارہوائو کے نرغے میں،آج سے سردی مزیدبڑھے گی
شیئر کریں
شہر قائد میں کل سے مزید تیز ہوائیں چلیں گی، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آج اورکل کراچی میں معمول سے تیزہوائیں چل سکتی ہیں، جن کی رفتار 45کلومیٹرتک بڑھ سکتی ہے۔آج بدھ کے روز بھی شہر میں کم از کم پارہ 7.5ڈگری ریکارڈ ہوا۔ جناح ٹرمینل پر5.9ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ دیہی سندھ کے شہر چھور میں کم سے کم 2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔منگل کی شب شہر میں چلنے والی سرد ہواؤں کی وجہ سے بدھ کو موسم سرد اورخشک رہا،تاہم اس دوران ہواؤں کی رفتار متوازن رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا کم سے کم پارہ 7.5ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23.4ڈگری ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مطابق دیگر سرکاری ویدر اسٹیشن میں سب سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 5.9 ڈگری ریکارڈ ہوا۔میٹ کمپلیکس(کراچی) پر کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری جب کہ پی اے ایف فیصل اور پی اے ایف مسرور پر 8.5 ڈگری رہا۔دیہی سندھ کے شہر چھور میں گزشتہ روز دیگر اضلاع کے مقابلے میں سب سے کم 2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔خیرپورمیں2.3،مٹھی 2.5،سکھر،پڈین،موہنجودڑو،سکرنڈ میں 3،ٹنڈوجام میں 4،دادو5،لاڑکانہ 5.5،روہڑی،شہید بے نظیرآباد 6،بدین،ٹھٹھ 7،حیدرآباد میں 7.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے جاری کولڈ ویو الرٹ کے مطابق آج اورکل شہر میں معمول سے تیزہوائیں چل سکتی ہیں۔ہواؤں کی سمت شمال مشرقی بلوچستان کی جانب سے رہے گی۔تندوتیز ہواؤں کے سبب سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔اگلے چندروز کے دوران سمندری ہوائیں غیرفعال رہ سکتی ہیں۔ آج کم سے کم پارہ 6 سے 8 ڈگری اور جمعے کو8 سے 10 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق صوبہ سندھ میں جاری سردی کی لہر27جنوری تک برقراررہے گی۔کراچی حیدرآباد،بدین،سجاول اورٹھٹھ کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 6سے8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبرشہدادکوٹ، کشمور،شکارپور،جیکب آباد،جامشورو،دادو،خیرپور،تھرپارکر،عمرکوٹ میں کم سے کم 2 سے 4 ڈگری جب کہ شہید بے نظیر آباد، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، میرپور خاص، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان میں کم سے کم درجہ حرارت 3سے5ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔