فواد چودھری کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ منظور
شیئر کریں
لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما فواد چودھری کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ فواد چودھری کا سروسز ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کروایا جائے جس کے بعد فوری طور پر انہیں لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا جائے اور عدالت میں پیش کیا جائے۔ فواد چودھری کو بدھ کے روز لاہور کی کینٹ کچہری میں راہداری ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا۔ پولیس نے فواد چودھری کوہتھکڑی لگا کرعدالت میں پیش کیا۔ فواد چودھری کے مطابق عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ وہ اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کی کاپی فواد چودھری کو فراہم کریں۔ تفتیشی کی جانب سے ایف آئی آر کی کاپی فواد چودھری کو فراہم کر دی گئی۔ عدالت نے فواد چودھری کے راہداری ریمانڈ کی درخواست نمٹا دی جس کے بعد پولیس حکام انہیں عدالت سے لے کر روانہ ہو گئے۔