انتخابات میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بلا اور کپتان بھی ہو گا، علی محمد خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کاغذات نامزدگی چھینے جانے پر چیف جسٹس سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بلا اور کپتان بھی ہو گا۔علی محمد خان نے کہا کہ ایسے میں جب امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں اور بیشتر کو گرفتار بھی کیا جا رہا ہے، لوگوں سے پی ٹی آئی چھڑوائی جا رہی ہے تو کیسا ریلیف؟ ہمیں الیکشن لڑنے نہیں دیا جا رہا اور صاف اور شفاف انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کاغذات نامزدگی کیوں چھینے جا رہے ہیں؟ چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ انہوں نے ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کی ضمانت دی ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیے جانے اور انتخابی نشان بَلا چھِن جانے پر علی محمد خان نے کہا کہ کھلاڑی ہونے چاہئیں، بلا تو دوسرا بھی آ جاتا ہے۔سینئر پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہر گھر میں پی ٹی آئی کا ووٹر ہے اور پی ٹی آئی سے انتخابی نشان چھین لیا گیا لیکن انتخابات میں بلا بھی ہو گا، کھلاڑی بھی ہوں گے اور کپتان بھی ہو گا۔