اسلام آباد دھماکا: تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ
شیئر کریں
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں دھماکے کی تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کرے گی، جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں خود کش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد شہید اور 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے 8 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اور اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشن سہیل ظفر چٹھہ نے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ واقعے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، اوراے ٹی اے ایکٹ کے تحت درج مقدمات کے لیے لازم ہے کہ ان کی تحقیقات جے آئی ٹی کرے۔ ڈی آئی جی نے سفارش کی ہے کہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں 8 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کی جائے، اور اس میں ایس پی انڈسٹریل ایریا، ایس ڈی پی او، ایس ایچ او تھانہ سبزی منڈی سمیت تفتیشی افسر کو بھی شامل کیا جائے۔ جب کہ کمیٹی میں آئی ایس آئی اور آئی بی کی بھی نمائندگی ہو۔