میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ حکومت دھابیجی زون کو ترقی دینے کیلئے سرگرم

سندھ حکومت دھابیجی زون کو ترقی دینے کیلئے سرگرم

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۴ دسمبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

دھابیجی خصوصی معاشی زون میں ڈیویلپر کے چناؤ کیلئے خواہشمند سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک مربوط پری بڈ اجلاس آج کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا۔اجلاس میں 100 سے زائد سرمایہ کاروں نے از خود اور زوم پر بھی شرکت کی۔پری بڈ اجلاس کا اہتمام محکمہ سرمایہ کاری سندھ اور ماتحت ادارے سندھ اسپیشل اکنامک زون مینجمنٹ کمپنی نے کیا تھا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ دھابیجی خصوصی معاشی زون تقریباً ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری اور ایک لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس زون کی ڈیویلپمنٹ کی لاگت 120 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ دھابیجی خصوصی معاشی زون سی پیک کے تحت ایک ترجیحی منصوبہ ہے جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ڈیویلپ کیا جائے گا اور آج کا اجلاس ڈیولپمنٹ کیلئے بڈ Bid میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے سوالات کے حوالے سے بریف کئے جانے کی غرض سے منعقد کیا گیا ہے۔سندھ حکومت نے اس زون کی ڈیویلپمنٹ کیلئے بین الاقوامی اور مقامی اخبارات میں اشتہارات دے دیئے ہیں اور کووڈ کے باوجود اب تک 100 سے زائد سرمایہ کار کمپنیاں بڈ Bid میں دلچسپی کی خواہش کیلئے رابطہ کر کی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان اور چین کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک کی سرمایہ کار کمپنیاں بھی اس زون میں دلچسپی لے رہی ہیں اور سندھ حکومت اس زون کو ترقی دینے کیلئے انتہائی سرگرم ہے۔ دھابیجی خصوصی معاشی زون میں اسٹیل فاؤنڈریز، آٹو موٹیو اور آٹو پارٹس، کیمیکل اور فارماسیوٹیکل، کنزیومر الیکٹرانکس، ٹیکسٹائل اور گارمنٹس اور دیگر صنعتیں قائم کی جائیں گی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ وفاقی حکومت اس زون میں 250 میگاواٹ کے گرڈ اسٹیشن کے قیام کیلئے 4.3 بلین روپے پہلے ہی منظور کرچکی ہے۔ یہ گرڈ اسٹیشن 2003 میں مکمل ہوجائے گا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کو 2021 تک یہاں 15 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کیلئے 429 ملین روپے کی منظوری دی جاچکی ہے۔اس کے علاوہ 10 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کیلئے بھی انتطامات کئے جارہے ہیں۔ دھابیجی زون کو پورٹ قاسم سے جوڑنے کیلئے پورٹ قاسم پر ایک علیحدہ جیٹی قائم کی جارہی ہے۔ ریلوے مین لائن ML1 سے مربوط کرنے کے لئے دھابیجی ریلوے اسٹیشن پر ایک وسیع و عریض جنکشن بنایا جانا اس منصوبے میں شامل ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے صنعتی تعاون کے فیز کے ماتحت دھابیجی خصوصی معاشی زون کیلئے ڈیویلپر کا حتمی انتخاب نیشنل ڈیویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن آف چائنا کی معاونت سے کیا جائے گا۔اجلاس میں سوالات کے جوابات کا سیشن بھی ہوا۔اجلاس میں بڈ میں شرکت کے خواہشمند سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل، ایڈوائزری کنسورشیم اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے انعقاد میں بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان، پاکستان کے چین، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں موجود پاکستانی کمرشل اینڈ ٹریڈ دفاتر نے تعاون فراہم کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں