میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری کا سپریم کورٹ میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ

منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری کا سپریم کورٹ میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
پیر, ۲۴ دسمبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری آج سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوں گے ۔چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ آج لاہور رجسٹری میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرے گا۔ سابق صدر آصف زرداری آج عدالت میں پیش نہیں ہوں گے بلکہ ان کے وکلا کی ٹیم پیش ہوگی جس میں فاروق ایچ نائیک، سردار لطیف کھوسہ اور دیگر شامل ہیں۔کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کراچکی ہے اور امکان ہے کہ آج عدالت رپورٹ فریقین کے حوالے کرے گی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اپنا قانونی لائحہ عمل بنائیں گے ، سپریم کورٹ میں آج کیا ہوتا ہے اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ، قانونی ماہرین کے مطابق عام طور پر ہوتا تو یہی ہے کہ رپورٹ فریقین کو دے کر نئی تاریخ دی جاتی ہے ۔تاہم منی لانڈرنگ کیس پاکستان سیاست میں ایک بھونچال کا باعث بن چکا ہے اور ملک کی اہم ترین سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کی موجودہ سیاسی قیادت کی تقریبا تمام اہم ترین شخصیات اس مقدمے کی لپیٹ میں آسکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقاتی رپورٹ سے آصف زرداری اور اُن کی ہمشیرہ ڈاکٹر فریال تالپور ہی نہیں بلکہ بلاول بھٹو پر بھی سیاسی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ دوسری طرف سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے لیے بھی منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات خطرے کی گھنٹی بجارہی ہے جو سندھ کی سیاست میں ایک نیا طوفان پیدا کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں آج ہونے والی سماعت اگلے چند دنوں کے اندر اس کیس کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی حکومت سے مستفید ہونے والی سرکاری، سیاسی ، کاروباری اور بینکنگ کی دنیا کے مختلف افراد کو جیل کا راستا دکھا نے کا باعث بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس کا معاملہ تب اُٹھا تھا جب ایف آئی اے نے 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی تھی۔بعد ازاں اس کیس میں منی لانڈرنگ کی رقم اور جعلی بینک اکاؤنٹس کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا گیا۔ اور سپریم کورٹ نے اس معاملے میں ایک باقاعدہ جے آئی ٹی تشکیل دے دی،جو اپنی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں جمع کراچکی ہے۔ اس کیس میں بہت بااثر شخصیات اور بعض بینکوں کے سربراہان کے نام سامنے آئے ہیں، جب کہ چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی سمیت آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید سمیت کئی افراد زیر حراست بھی ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں