العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس، سماعتیں ،پیشیاں، کب کیا ہوا؟
شیئر کریں
سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق ایک اور تاریخی فیصلے کی گھڑی آگئی، نواز شریف کے العزیزیہ اسٹیل اور فلیگ شپ ریفرنس کی183 سماعتیں اور 130 پیشیوں کے بعد تاریخی فیصلہ پیر کو (آج) سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک فیصلہ سنائیں گے۔احتساب عدالت میں فیصلہ سننے کے لیے میاں نواز شریف خود بھی جائیں گے اور لیگی رہنما بھی ساتھ ہوں گے تاہم کارکنوں کو عدالت آنے کی کال نہیں دی گئی۔نیب کا دعویٰ ہے کہ اصل مالک نواز شریف تھے، بچے بے نامی دار تھے، جب جائیدادیں بنائی گئیں بچے زیر کفالت تھے۔
نیب کا الزام ہے کہ نواز شریف نے وزارت اعلیٰ اور وزارت عظمیٰ کے دور میں حسن اور حسین نواز کے نام پر بے نامی جائیدادیں بنائیں، اس دوران بچے زیر کفالت تھے۔ شریف خاندان نے موقف اپنایا کہ قطری سرمایہ کاری سے العزیزیہ اسٹیل ملز خریدی گئی اور حسن نواز کو بھی کاروبار کے لیے سرمایہ قطری نے فراہم کیا، جس کی بنیاد پر فلیگ شپ کمپنی بنائی گئی۔ تمام جائیدادیں بچوں کے نام ہیں اور نواز شریف کا ان سے کوئی تعلق نہیں، فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف نے موقف اختیار کیا کہ ریفرنس مخالفین اور جے آئی ٹی کی جانبدار رپورٹ پر بنایا گیا، استغاثہ ان کے خلاف ثبوت لانے میں ناکام ہو گیا۔احتساب عدالت نمبر ایک اور دو میں نوازشریف کیخلاف ریفرنسسز کی مجموعی طور پر 183 سماعتیں ہوئیں۔ نواز شریف کی جانب سے حسن نواز کی آف شور کمپنیوں سے متعلق دستاویزات بھی عدالت میں پیش کی گئیں، العزیزیہ ریفرنس میں 22 اور فلیگ شپ ریفرنس میں 16 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔سابق وزیراعظم نواز شریف مجموعی طور پر 130بار احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے،نواز شریف 70 بار جج محمد بشیر اور 60 بار جج ارشد ملک کے روبرو پیش ہوئے۔ ایون فیلڈ میں سزا کے بعد نواز شریف کو 15 بار اڈیالہ جیل سے لاکر عدالت پیش کیا گیا،احتساب عدالت نمبر ایک میں 70 میں سے 65 پیشیوں پر مریم نواز میاں نواز شریف کے ساتھ تھیں، عدالت نے مختلف اوقات میں نواز شریف کو 49 سماعتوں پر حاضری سے استثنیٰ دیا۔ جج محمد بشیر نے 29 جبکہ جج ارشد ملک نے نواز شریف کو 20 سماعتوں پر حاضری سے استثنیٰ دیا۔
واضح رہے کہ28 جولائی 2017، سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں میاں محمد نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیا گیا تھا اور شریف خاندان کے خلاف نیب کو تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ 8ستمبر 2017، نیب نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف العزیزیہ، فلیگ شپ اور ایون فیلڈ ریفرنسز بنائے۔ العزیزیہ اسٹیل ملز، ہل میٹلز اسٹیبلشمنٹ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز تیار کیے گئے۔ 19 اکتوبر2017، العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف پر فرد جرم عائد ہوئی جبکہ 20 اکتوبر 2017 احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف پر فرد جرم عائد کی۔فلیگ شپ ریفرنس میں کیپٹل ایف زیڈ بھی شامل ہے، نواز شریف اس کمپنی کے بورڈ کے چیئرمین بھی رہے جس بنیاد پر نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی بھی ہوئی جبکہ حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور ملزمان قرار دے دیاگیا۔