کراچی کے شہریوں کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے، فاروق ستار
شیئر کریں
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم قبضہ اور لینڈ مافیا کے خلاف ہیں اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن کراچی کے شہریوں کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے۔ کراچی پریس کلب کے باہر تجاوزات آپریشن کے خلاف احتجاجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن عدالت عظمیٰ متاثرین کو ان کے گھروں اور زمین کے معاوضے دلوائے۔فاروق ستار نے کہا کہ ہمارا احتجاج سندھ حکومت کی بے حسی کے خلاف ہے، حکومت سندھ اپنوں کو نواز رہی ہے اور سرکاری افسران کی ملی بھگت سے زمینوں پر قبضہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو بے گھر اور بے روزگار کرنے کا سلسلسہ بند ہونا چاہیے، کرے کوئی اور بھرے کوئی، یہ نا انصافی ہم نہیں ہونے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ زیادتیوں پر ہمیشہ پر امن احتجاج کرتے ہیں اور کراچی والوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان سیاسی اور قانونی طور پر ان کے ساتھ ہیں، کراچی کی زمینیوں پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔خیال رہے کہ کراچی میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تجاوزات کے خلاف بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے بڑے پیمانے پر آپریشن ہو رہا ہے جس کے تحت رفاہی پلاٹوں پر غیر قانونی طریقے سے قائم کی گئی تعمیرات مسمار کی جارہی ہیں۔