ضمنی انتخاب میں کوئی غیر معمولی شکایت موصول نہیں ہوئی ،چیف الیکشن کمشنر
شیئر کریں
ضمنی انتخابات میں ہمیشہ ٹرن آؤٹ کم رہتا ہے ، جس کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں
انتخاب سے نمبر گیم تبدیلی نہیں ہونی تھی جس کی وجہ سے عوام کی دلچسپی کم رہی، گفتگو
چیف الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجا نے ضمنی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے موثر اقدامات پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں کوئی غیرمعمولی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے الیکشن کمیشن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب بہت پرامن رہا، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ہمیشہ ٹرن آؤٹ کم رہتا ہے ، جس کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں، اس انتخاب سے نمبر گیم تبدیلی نہیں ہونی تھی جس کی وجہ سے عوام کی دلچسپی کم رہی۔انہوںنے کہاکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کمیشن نے بلاتفریق ایکشن لیا، ڈی آر اوز نے کچھ رپورٹس بھیجی ہیں،کچھ شکایات کا کمیشن نے خود نوٹس لیا ہے تاہم ضمنی انتخاب میں کوئی غیر معمولی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ طلال چوہدری کو (آج)پیرکو طلب کیا ہے اور آج ہی سماعت ہوگی، لوکل گورنمنٹ انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک وزیر اور امیدوار کو نااہل کیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہر چیز کی ایک لیگل اسکیم ہے ، دنیا بھر میں انتخابات میں خلاف ورزیاں ہوتی ہیں،کمیشن وقتاً فوقتاً اپنی تجاویز حکومت کو بھیجتا رہتا ہے ، کمیشن کے پاس ٹربیونل کو ہدایات دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔


