درندہ صفت ملزمان کا10 سالہ سیلاب متاثرہ بچی سے گینگ ریپ
شیئر کریں
کراچی کے علاقے کلفٹن میں 10 سالہ سیلاب متاثرہ بچی کیساتھ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بچی کی والدہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ کلفٹن میں واقع ڈالمین شاپنگ مال کے قریب کار سوار افراد نے بیٹی کو اغوا کیا، بچی واپس آئی تو خون بہہ رہا تھا اور حالت خراب تھی۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ نے بچی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تصدیق کردی ہے۔ متاثرہ بچی کا خاندان سیلاب کی وجہ سے ضلع شکارپور سے کراچی آکر آباد ہوا تھا، متاثرہ بچی کا خاندان کلفٹن بلاک 4 میں بھیک مانگنے کا کام کرتا ہے۔ادھروزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں سیلاب سے متاثرہ بچی سے اجتماعی زیادتی کے معاملے پر کمشنر کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعلی سندھ نے پولیس کو واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے رپورٹ دی جائے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعلی نے صوبائی وزیر سماجی بہبود شہلا رضا کو بچی کو اپنی حفاظت میں لینے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کراچی ضلع جنوبی سے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ملزمان تک رسائی کے لیے متاثرہ بچی کا ڈی این اے کرا رہے ہیں۔