میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بہادرآباداورپی آئی بی گروپوں میں جنگ ،متحدہ لندن بھی کودپڑی

بہادرآباداورپی آئی بی گروپوں میں جنگ ،متحدہ لندن بھی کودپڑی

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۴ اکتوبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار)متحدہ قومی موومنٹ بہادرآباد اور پی آ ئی بی گروپ میں جاری جنگ کے بعد متحدہ لندن بھی میدان میں آ گئی، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بانی متحدہ کے حق میں وال چاکنگ شروع کر دی گئی، حساس ادارے متحرک ہو گئے نفرت انگیز سیاسی وال چاکنگ کرنے والوں کیخلاف مسودہ تیار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق متحدہ لندن بھی شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے سرگرم ہو چکی ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ روزشہر کے مختلف علاقوں میں نا معلوم افراد کی جانب سے وال چاکنگ کی گئی ہے جس میں ’’میں ہوں مجاہد حق پرست‘‘ کے نعرے درج ہیں۔متحدہ لندن نے حالیہ دنوں معمول کے مد مقابل تنظیمی سرگرمیاں بڑھا دیں ہیں جس کے تحت تین روز قبل رابطہ کمیٹی میں مزید پانچ اراکین شامل کیے گئے ہیں، جن میں کینیڈا سے شاہد رضا،امریکا سے محفوظ حیدری،لندن سے افتخار حسین، سفیان یوسف اور ساؤتھ افریقا سے سید تراوش علی کا انتخاب عمل میں آیا ہے، تمام تر عمل کے بعد پارٹی میں رابطہ کمیٹی کے اراکین کی تعداد 10 ہو گئی ہے، جبکہ مختلف یونٹس میں تنظیم نو کا سلسلہ بھی زور و شور سے جاری ہے۔ شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر مینڈیٹ کے حصول کے لیے پر تولنے کے لیے تیار متحدہ لندن کی بڑھتی سرگرمیوں کو لگام ڈالنے کے لیے حساس اداروں نے مورچے سنبھال لیے ہیں جس کے تحت متحدہ لندن کے حق میں سوشل میڈیا پر مہم جوئی کرنے اور ملکی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث بننے والے ہیش ٹیگ پر عملدر آمد کرنے والوں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ حساس اداروں نے شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے نفرت انگیز وال چاکنگ کرنے والوں کیخلاف بھی خصوصی پلان تیار کر لیا ہے جس کے تحت وال چاکنگ کی زد میں آ نے والے مختلف علاقوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے کسی بھی شخص کے متحدہ لندن سے تانے بانے جڑنے یا ان کے حق میں مہم جوئی کرنے پر اسے فوری گرفتار کیا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں