اپوزیشن سے کوئٹہ جلسہ منسوخ کرنے کی درخواست
شیئر کریں
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ کا جلسہ ملتوی کرنے کی اپیل کر دی۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو میں لیاقت شاہوانی کاکہنا تھا کہ بلوچستان میں سیکورٹی سے متعلق معاملات کو حکومت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، ماضی میں بھی بلوچستان میں دہشت گردوں کی جانب سے سیاسی قیادت کو نشانہ بنایاجاتا رہا، سیکورٹی خدشات کے بعد حکومت کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ انہیں سیکیورٹی خدشات پر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے 25 اکتوبر کاجلسہ ملتوی کر دینا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کی قیادت پہلے ہی دو بار جلسہ ملتوی کرچکی ہے، ہمیں جلسے کے حوالے سے کوئی اعتراض نہیں ہے، آئندہ جب بھی جلسے ہوں گے ہم ہر طرح سے سہولت فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قمر دین کاریز میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنایاگیا، بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کی وجہ سے ماضی میں خوف کا عالم رہاہے۔