ترجمان پاک فوج نے نوازلیگی رہنما کی خفیہ ملاقاتوں کا بھانڈا پھوڑ دیا
شیئر کریں
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) میجر جنرل بابر افتخار نے انکشاف کیا ہے کہ نواز لیگ کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آرمی چیف سے دو ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں ان کی درخواست پر ہوئیں۔ یہ دونوں ملاقاتیں نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق تھیں۔ پہلی ملاقات اگست کے آخری ہفتے میں ہوئی جبکہ دوسری ملاقات 7 ستمبر کو ہوئی۔ انٹرویو کے دوران میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اس ملاقاتوں کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا انٹرویو میں مزید کہنا تھا کہ اس ملاقات کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار نے واضح انداز میں کہا کہ سیاسی مسائل پارلیمنٹ میں حل ہوں گے۔ جبکہ نواز شریف کے قانونی مسائل عدالتوں میں حل ہوں گے۔ ان معاملات سے پاک فوج کو دور رکھا جائے۔واضح رہے کہ یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مریم نواز نے یہ بیان کیا ہے کہ نواز شریف کے کسی نمائندے نے ملاقات نہیں کی جب کہ انکشاف کے مطابق محمد زبیر کی ملاقات کا ایجنڈا مریم نواز اور نواز شریف تھے ۔بھارت کی دھمکیوں سے متعلق ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی صلاحیت کے مطابق ہماری تیاری ہے، جو صلاحیت ہمارے سامنے موجود ہے اسی کے مطابق ہم خود کو تیار کر رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج محدود وسائل کے باوجود ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور اسی سلسلے میں نئے ٹینک شامل کرنے جارہے ہیں اور چیف آف آرمی اسٹاف نے اس کا مظاہرہ بھی دیکھ لیا۔انہوں نے کہا کہ فوج میں اس سے پہلے خالد ون بھی شامل کیا گیا جو جدید ہے اور ان ٹینکوں کو اسٹرائیک فارمیشنز میں شامل کیا جارہا ہے اور ہر طرح کے خدشات اور خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ہمارے خطے اور اطراف میں خاص کر بھارت جس طرح کی تیاری کر رہا ہے اس کے لیے ہمیں ہر طرح سے تیار رہنا ہوگا۔