حکومت بتائے کچے کے ڈاکوؤں کے پاس جدید اسلحہ پہنچا کیسے؟،حافظ نعیم
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت بتائے کہ کچے کے ڈاکوؤں کے پاس اتنا جدید اور بھاری اسلحہ پہنچا کیسے؟ آپریشن کی بات پر کس کے سیاسی مفادات آڑے آجاتے ہیں؟حکومت اور سیکورٹی ادارے فیصلہ کن کارروائی کرکے یرغمال علاقوں کو کلیئر کرائیں۔ تفصیلات کے مطابق کچے میں ڈاکوؤں کے راکٹ لانچر حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اپنے ردعمل میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ رحیم یار خان میں ڈیوٹی پر مامور پولیس کے جوانوں کی شہادت حد درجہ افسوس ناک ہے، کچے کے ڈاکو اس قدر بے خوف اور طاقتور ہو چکے ہیں کہ شہریوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، حکومت جواب دے کہ ان ڈاکوؤں کے پاس اتنا جدید اور بھاری اسلحہ پہنچا کیسے؟ کون کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کاری کررہا ہے؟ جب بھی آپریشن کی بات شروع ہوتی ہے تو کس کے سیاسی مفادات آڑے آجاتے ہیں؟ حکومت اور سیکورٹی ادارے فیصلہ کن کارروائی کرکے یرغمال علاقوں کو کلیئر کرائیں۔