میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ لائیواسٹاک اینڈفشریزکاوفاق کے احکامات ماننے سے انکار

محکمہ لائیواسٹاک اینڈفشریزکاوفاق کے احکامات ماننے سے انکار

ویب ڈیسک
منگل, ۲۴ اگست ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ نے وفاقی حکومت کے احکامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا،ڈپٹی سیکریٹری اسد اسحاق کی ڈیپوٹیشن پر مزید غیر قانونی تعیناتی کیلئے درخواست ارسال کردی گئی، کروڑوں روپے کرپشن کی بندربانٹ کیلئے ڈپٹی سیکریٹری کو محکمہ میں تعینات کرنے کیلئے سیکریٹری لائیواسٹاک نے کوششیں تیز کردیں۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق وفاقی اور حکومت سندھ کے سروسز رولز کے مطابق آفس مینجمنٹ گروپ کے گریڈ 18 کے افسران سندھ میںڈیپوٹیشن پر صرف 5 سال تعینات ہوسکتے ہیں ،جبکہ 5 سال سے زائد عرصہ کی تعیناتی قوائد و ضوابط کی شدید خلاف ورزی ہے، محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز میں اسد اسحاق دسمبر 2015 میں ڈپٹی سیکریٹری تعینات ہوئے ، اسد اسحاق ایک ہی محکمے میں 5سال تعینات رہے ،دسمبر 2020 میں ان کی سندھ میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی مدت ختم ہوگئی ،لیکن ان کو مزید 6 ماہ کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی گئی یہ تعیناتی بھی خلاف ضابطہ تھی جس کی وجہ سے وفاقی حکومت کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے رواں برس جون میں حکومت سندھ کو وارننگ بھی جاری کی کہ اسد اسحاق کو رلیو کیا جائے۔ وفاق کی وارننگ کے بعد محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سندھ نے 30 جولائی کو نوٹیفکیشن جاری کرکے ڈپٹی سیکریٹری اسد اسحاق کا محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سے تبادلہ کرکے وفاق میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی، لیکن سیکریٹری لائیواسٹاک اینڈ فشریز اعجاز مہیسر نے سر توڑ کوششیں کرکے اسد اسحاق کو محکمے میں ہی غیرقانونی طور پر تعینات رکھا ہے، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے 17 اگست 2021 کو وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لیٹر ارسال کرکے آگاہ کیا کہ ڈپٹی سیکریٹری اسد اسحاق کو سندھ سے وفاق میں بھیجنے کا حکم نامہ واپس لے لیا گیا ہے اور درخواست کی جاتی ہے کہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ میں دیئے گئے انتہائی اہم ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے ڈپٹی سیکریٹری اسد اسحاق کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں اضافہ کیا جائے، اس طرح چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کا حکم نامہ واپس واپس لیا گیا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز میں ترقیاتی منصوبوں ، مویشیوں کی ادویات اور دیگر اخراجات کی مد میں کروڑوں روپے کرپشن کی بندر بانٹ ڈپٹی سیکریٹری اسد اسحاق کو کرنی ہے اس لیے سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز اعجاز مہیسر بھی اسد اسحاق کی ڈیپوٹیشن پر مزید تعیناتی کی کوششیں کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انتہائی سخت اقدام لے سکتی ہے اور ڈپٹی سیکریٹری کو وفاق میں رپورٹ کرنے یا معطل کرنے کا حکم جاری کرنے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب جرأت نے سیکریٹری فشریز اینڈ لائیو اسٹاک اعجاز مہیسرسے ڈپٹی سیکریٹری اسد اسحاق کو رلیو نہ کرنے کے بارے میںسوال کیا، لیکن اعجاز مہیسر نے سوال کا جواب نہیں دیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں