میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیپلزپارٹی ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی پر دو گروپوں میں تقسیم

پیپلزپارٹی ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی پر دو گروپوں میں تقسیم

ویب ڈیسک
پیر, ۲۴ اگست ۲۰۲۰

(رپورٹ:شعیب مختار) ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی بڑے تنازع کا باعث بن گئی ۔پاکستان پیپلز پارٹی میں لابنگ کا آغاز ہو گیا۔

شیئر کریں

(رپورٹ:شعیب مختار) ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی بڑے تنازع کا باعث بن گئی ۔پاکستان پیپلز پارٹی میں لابنگ کا آغاز ہو گیا۔ سابق صوبائی وزیر بلدیات،اطلاعات،وزیر داخلہ اور کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر دوڑ میں شامل ہو گئے۔ پارٹی میں اپنا ایڈمنسٹریٹر لانے کے لیے دو لابیاں سرگرم ہو گئیں۔ مرکزی قیادت کی جانب سے کراچی سے ایڈمنسٹریٹر لانے کا دباؤ بڑھنے لگا۔ کراچی اور اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے رہنما ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آ گئے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ کی قیادت کی جانب سے سابق وزیر داخلہ سندھ منظور وسان اور سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شوروکو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جسے پیپلز پارٹی کے کراچی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور صوبائی وزراء کی جانب سے مسترد کر دیا گیا ہے۔ نیز ان کی جانب سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور سابق سینیٹر تاج حیدر کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کا قلمدان سونپنے کی تجویز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کو دیدی گئی ہے جس پر مشاورتی عمل جاری ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین کی جانب سے کراچی سے تعلق والے رہنما کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت تاج حیدر کومذکورہ قلمدان کے لیے طاقتور امیدوار تصور کیا جا رہا ہے جنہیں پیپلز پارٹی کی کراچی قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ دوسری جانب سندھ سے تعلق رکھنے اور پارٹی میں اثر و روسوخ رکھنے والے نثار کھوڑو اور ان کے ہم خیال رہنما سندھ سے تعلق رکھنے والے رہنما کی ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی کے لیے بضد دکھائی دیتے ہیں جس کے تحت حالیہ دنوں میں پیپلز پارٹی کے کراچی سے تعلق رکھنے والے رہنمااور سندھ سے تعلق رکھنے والی مخصوص لابی ایک دوسرے کے تجویز کردہ ناموں کی مخالفت کرتی دکھائی دیتی ہے۔ پارٹی میں اندرونی تنازع کو روکنے اور تنظیمی ڈھانچے کو تباہی سے بچانے کے لیے گزشتہ ہفتے بلاول بھٹو کی جانب سے سندھ اور کراچی سے تعلق رکھنے والے 15سے زائد رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی گئیں ہیں جس کے تحت آئندہ چند روز میں اہم فیصلے متوقع ہیں ذرائع نے دعویٰ کیاکہ سندھ اور کراچی کے رہنماؤں اور صوبائی وزراء کے تجویز کردہ چار ناموں پر پارٹی میں رواں ہفتے اجلاس طلب کیا جا ئے گا جس میں حتمی طور پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کے لیے کسی ایک نام کی منظوری دی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں